جعلی پاسپورٹ پر پاکستان سے 3 افغان خواتین لندن جاتے ہوئے گرفتار


جعلی پاسپورٹ پر پاکستان سے 3 افغان خواتین لندن جاتے ہوئے گرفتار

ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی برٹش پاسپورٹ پر لندن جانے کی کوشش کرنے والی تین افغان خواتین کو حراست میں  لے لیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ایف آئی اے نے بینظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر کارروائی کے دوران تین افغان خواتین کو حراست میں لے لیا جو پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے جعلی پاسپورٹ پر لندن جانا چاہتی تھی۔

ذرائع کے مطابق اس کام میں پی آئی اے کے دو اہلکار بھی ملوث تھے جنہیں رنگے ہاتھوں پکڑلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بینظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر افغان خواتین نے پی آئی اے اہلکاروں کی مدد سے برطانیہ کی پرواز کے بورڈنگ پاس لیے جو ایف آئی اے کاﺅنٹر سے لاﺅنج میں گئیں تاہم ایف آئی اے نے اطلاع ملتے ہی کارروائی کر کے خواتین کو بورڈنگ پاسز سمیت حراست میں لے لیا جن سے تفتیش جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے نے تینوں خواتین کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی تو اس واقعے میں پی آئی اے کے 2 اہلکار نسیم اور اسرار براہ راست ملوث پائے گئے، ان دونوں اہلکاروں کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ جعلی دستاویزات سے برطانیہ جانے والی تینوں افغان خواتین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جبکہ پی آئی اے کے دیگر عملے کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری