دہشتگرد قومی اداروں کے خلاف سرگرم؛ کوئٹہ میں ڈی ایس پی گولیوں سے چھلنی


دہشتگرد قومی اداروں کے خلاف سرگرم؛ کوئٹہ میں ڈی ایس پی گولیوں سے چھلنی

نامعلوم مسلح افراد کی کوئٹہ میں جیل روڈ پر مسجد کے باہر سرعام فائرنگ سے ڈی ایس پی ہیڈکواٹر جاں بحق اور ان کا بھتیجا زخمی ہوگیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عمر الرحمان اپنے بھتیجے انسپکٹر بلال احمد کے ہمراہ نماز مغرب کی ادائیگی کیلئے جیل روڈ پر واقع مسجد آرہے تھے کہ مسجد سے باہر نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی، جس سے عمر الرحمان اور ان کا بھتیجا زخمی ہوگئے۔

انہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لئے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا، جہاں ڈی ایس پی عمرالرحمن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جیل روڈ پر فائرنگ سے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عمرالرحمن کے جاں بحق اور سب انسپکٹر بلال کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے حکام کو واقعہ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ عرصے سے بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ بدامنی کی لپیٹ میں ہے جہاں آئے روز تخریب کار عناصر دہشتگرد کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری