پاکستان اور ایران کے عوام پرجوش برادرانہ تعلقات چاہتے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری


پاکستان اور ایران کے عوام پرجوش برادرانہ تعلقات چاہتے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری

عوامی تحریک کے سربراہ کا اس بیان کیساتھ کہ دونوں ممالک کے عوام پرجوش برادرانہ تعلقات چاہتے ہیں، کہا: کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے والے عناصرکو آپریشن ردّ الفساد کے تحت ڈیل کیا جائے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے عوام پر جوش برادرانہ تعلقات چاہتے ہیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بگاڑنے والے امن، خوشحالی کے دشمن ہیں، دونوں ملک ملکر ایسے دہشتگرد گروہوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی طے کریں۔

سربراہ عوامی تحریک نے سیستان بارڈر پر ایرانی سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ملوث عناصر کی گرفتاری اور عبرتناک سزا کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے تاکید کی کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے والے عناصرکو آپریشن ردّ الفساد کے تحت ڈیل کیا جائے۔

سربراہ عوامی تحریک نے ایرانی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ہاٹ لائن کی بحالی اور آپریشنل کمیٹیوں کی تشکیل سے سیستان بارڈر جیسے افسوسناک واقعات کو روکنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ روابط مستقل بنیادوں پر استوار رہنے چاہیں، دونوں برادر ہمسایہ ممالک موجودہ علاقائی اور عالمی حالات کے تناظر میں کسی قسم کی غلط فہمی اور تناؤ کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ کچھ تکفیری قوتیں دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار اور ہمسائیوں کے ساتھ اس کے دوستانہ تعلقات کو دشمنی میں بدلنے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں، ان کے خلاف بھرپور ریاستی طاقت بروئے کار آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان اسلام کے عظیم رشتے سے منسلک ہونے کے ساتھ ساتھ خطہ کے ہمسایہ اور اسٹریٹیجک معاون بھی ہیں، خطہ میں امن کے قیام اور اقتصادی استحکام کے لیے مرکزی کردارکے حامل ہیں، دونوں ملکوں کا یہی اہم کردار تکفیری اور شیطانی قوتوں کے لیے تکلیف کا باعث ہے اور وہ دونوں ملکوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک دوسرے کی سالمیت پرحملہ آور ہونیوالے نان اسٹیٹ ایکٹرز کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری