برمنگھم میں بھارتی کونسل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ / بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی


برمنگھم میں بھارتی کونسل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ / بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی

تحریک کشمیر برطانیہ کے زیر اہتمام بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالی پر برطانوی شہر برمنگھم میں بھارتی کونسل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور نعرے بازی کی گئی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق برطانیہ کے شہر برمنگھم میں مقبوضہ وادی میں بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مسلمان کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

شرکاء نے حالت روزہ میں 2 گھنٹے تک بھارت کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے۔

اس مظاہرے کا اہتمام تحریک کشمیر برطانیہ نے کیا جبکہ مظاہرے کی قیادت صدر تحریک کشمیر یورپ محمد غالب اور صدر تحریک کشمیر یو کے فہیم کیانی نے کی۔

اپنے خطاب میں فہیم کیانی کا کہنا تھا کہ بھارت ریاستی جبر اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کرسکتا۔

کشمیری طلبہ و طالبات آزادی کا علم لے کر اٹھ چکے ہیں۔ کشمیری نوجوان ایک ہی نعرہ لے کر اٹھے ہیں، ان کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے؛ آزادی۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی قبضے کے خلاف ہر فورم پر کشمیری عوام کی حمایت میں آواز بلند کریں گے۔

موقع پر موجود مظاہرین نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کا نوٹس لینے کا مطالبہ اور مقبوضہ کشمیر کی جد وجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری