ذاکر نائیک کی ملائیشین شہریت کیلئے درخواست


ذاکر نائیک کی ملائیشین شہریت کیلئے درخواست

ذاکر نائیک نے سعودی عرب کی شہریت پانے کے بعد ملائیشیا کی شہریت کیلئے درخواست دیدی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارت کو سنگین الزامات اور مقدمات میں مطلوب ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملائیشیا کی شہریت کیلئے درخواست دائر کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کو سنگین الزامات میں مطلوب ہونے کے باعث ملائیشین حکومت نے ابھی تک ان کی درخواست پر کوئی نظر ثانی نہیں کی ہے تاہم ذاکر نائیک کو مستقل رہائش اختیار کرنے کی اجازت دی جا چکی ہے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کو بھارت میں دہشتگردی کے مقدمات کا سامنا ہے جہاں بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اسے مختلف مقدمات میں طلب کر چکی ہے، حتیٰ کہ اس کی جائیداد اور دیگر اثاثہ جات بھی ضبط کیے جا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ ذاکر نائیک گذشتہ کچھ عرصہ سے سعودی عرب میں ہی مقیم ہے جہاں شاہ سلمان کی جانب سے اس کو چند روز قبل سعودی عرب کی شہریت دی گئی ہے۔

ذاکر نائیک پر منی لانڈرنگ کے بھی الزامات عائد ہیں۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھارت کی کابینہ کی کمیٹی برائے سیکیورٹی نے ذاکر نائیک کی متنازع تقاریر کے بعد ان کی غیرسرکاری تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پر 5 سال کی پابندی لگا دی تھی۔

خیال رہے کہ ذاکر نائیک پر پولیس کی جانب سے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے الزام پر پہلے ہی کئی مقدمات بنائے گئے ہیں جب کہ کابینہ کمیٹی برائے سیکیورٹی نے بھی ذاکر نائیک کی تقاریر کو بنیاد بنا کر ان کی تنظیم پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔

پچھلے سال جولائی میں بنگلہ دیش میں بھی ذاکر نائیک کے ٹی وی چینل پر دہشت گردوں سے منسلک ہونے اور اسلام کی آڑ میں دہشت گردی کو فروغ دینے کے الزام میں پابندی عائد کردی گئی تھی۔

دھیان رہے کہ ذاکر نائیک کی اشتعال انگیز تقاریر سے متا ثر ہو کر ایک بنگلہ دیشی نوجوان لڑکے نے انتہائی حساس اور سفارتی علاقے میں واقع کیفے پر دیگر 6دہشت گردوں کے ہمراہ دہشت گردانہ حملہ کیا تھا جس میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر تعداد غیر ملکیوں کی تھی۔

ذاکر نائیک پر برطانیہ اور کینیڈا میں مبینہ طور پر دیگر مذاہب کے خلاف مذہبی منافرت پر مبنی تقاریر کے باعث پابندی عائد ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری