گرمی اور لوڈشیڈنگ کا دوہرا عذاب / 4 افراد جاں بحق


گرمی اور لوڈشیڈنگ کا دوہرا عذاب / 4 افراد جاں بحق

پاکستان بھر میں شدید گرمی کی حالیہ لہر اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث جیکب آباد میں ایک خاتون سمیت چار افراد زندگی کی بازی ہارگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق جیکب آباد میں قیامت خیزگرمی کے باوجود بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، موسم کی شدت کی تاب نہ لاتے ہوئے جیکب آباد میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جانبر نہ ہو سکے۔

شدید گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف جعفرآباد محلہ کے مکینوں نے قومی شاہراہ پر شکار پور ناکہ کے قریب جبکہ مسلم لیگ ق کے ظفر مغل کی قیادت میں اہل محلہ نے ٹاور روڈ پر ٹائر جلاکر سیپکو کیخلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

اسی طرح  کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا۔

بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا اور سڑک بند کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

لانڈھی اور گلستان جوہر میں مشتعل مظاہرین نے کے الیکٹرک کے دفاتر پر دھاوا بولا جس کے بعد عملہ دفتر چھوڑ کر فرار ہوگیا جبکہ مشتعل مظاہرین نے شارع فیصل کو بھی بلاک کیا۔

ناظم آباد، پاپوش نگر، چاندنی چوک، سندھی ہوٹل، لیاقت آباد، لسبیلہ سمیت مختلف میں علاقہ مکینوں نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کی اور کے الیکٹرک کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کراویا۔

دوسری جانب گزشتہ روزغریب آباد میں احتجاج کرنے پر 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا، مقدمے میں اُن پانچ افراد کو نامزد کیا گیا ہے جو کل جائے وقوعہ سے گرفتار ہوئے تھے۔مقدمے میں پچاس سے زائد نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کے باعث11کے وی کے 25 فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے شہر کے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے، ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیاگیا۔

ابوظہبی سے لاہور آنیوالی پرواز پی کے 264 کو ملتان میں اتار لیا گیا اور لاہور سے جانیوالی 11 پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ ائیر پورٹ حکام کا کہنا تھا کہ موسم کی بحالی کے فورا بعد فلائٹ آپریشن شیڈول کے مطابق بحال کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں ، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری