شیر نہیں گائے / راجھستان ہائی کورٹ کا وفاق سے دلچسپ مطالبہ


شیر نہیں گائے / راجھستان ہائی کورٹ کا وفاق سے دلچسپ مطالبہ

بھارت کی مغربی ریاست راجستھان کی ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے سفارش کی ہے کہ گائے کو قومی جانور قرار دے دیا جائے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارت کا قومی جانور بنگالی شیر ہے تاہم بھارت کی ریاست راجستھان کی ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے سفارش کی ہے کہ گائے کو قومی جانور قرار دے دیا جائے۔

راجستھان میں فی الحال گاؤ کشی کے لیے زیادہ سے زیادہ دس سال کی سزا کی گنجائش ہے تاہم جے پور کی ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت سے یہ بھی کہا ہے کہ گاؤ کشی کی سزا عمر قید کر دی جانی چاہیے۔

عدالت گذشتہ برس گائیوں کے لیے حکومت کے زیرانتظام چلائے جانے والے ایک مرکز میں پانچ سو گائیوں کی موت سے متعلق پٹیشن کی سماعت کر رہی تھی۔

خیال رہے کہ گاؤ کشی کے سلسلے میں ہر ریاست میں الگ الگ قانون ہے کیونکہ یہ معاملہ ریاستوں کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی گجرات میں گائے ذبح کرنے پر عمر قید جبکہ اس کا گوشت بیچنے پر10سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کا قانون منظور کیا گیا

گذشتہ ہفتے وفاقی حکومت کے ایک نوٹیفیکیشن کے مطابق مویشیوں کی منڈیوں سے اب صرف کھیتی باڑی سے متعلق کام کے لیے ہی جانور خریدے جاسکیں گے، ذبح کرنے کے لیے نہیں۔

دوسری جانب ذبیحہ خانے چلانے والوں کا کہنا ہے کہ اس قانون سے بھارت کی گوشت کی صنعت تباہ ہو جائے گی کیونکہ ذبیحے کے لیے زیادہ تر جانور مقامی منڈیوں سے ہی خریدے جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ چند ہفتے قبل راجستھان میں ہی گائے کا تحفظ کرنے والے شدت پسند ہندووں نے پہلو خان نامی ایک مسلمان شخص کو ہلاک کردیا تھا۔

یہ شخص مویشی منڈی سے گائے خرید کر لے جارہا تھا اور اس کے پاس تمام کاغذات بھی موجود تھے۔

جبکہ  گذشتہ 2 سال کے دوران گائے کا گوشت کھانے کے شبے میں انتہا پسند ہندووں کے حملوں کے واقعات میں 10 مسلمان مارے جاچکے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری