سعودیہ کے بعد اب امارات میں بھی پاکستانیوں پر پابندیاں


سعودیہ کے بعد اب امارات میں بھی پاکستانیوں پر پابندیاں

سعودیہ عرب سے پاکستانیوں کو بے دخل کرنے کے بعد اب یو اے ای نے بھی پاکستانیوں کے وزٹ‌ ویزے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق دبئی کی حکومت نے پاکستان اور  فلپائن کے شہریوں کو 3 ماہ کا سفری ویزا دینے پر پابندی عائد کردی۔

دبئی حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی کا مقصد سفری ویزے پر آکر قیام کرنے والے افراد کو روکنا ہے، پابندی کا اطلاق یکم جون سے کیا گیا ہے جبکہ یہ پاکستانی اور فلپائنی مسافروں کے لیے لگائی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مد نظر رکھ کر  وزٹ ویزے پر پابندی لگائی گئی ہے، ویزا لے کر لوگ 3 ماہ کے لیے دبئی میں قیام کرتے ہیں اور وہ اسی دوران نوکری ملنے یا کاروبار سیٹ ہونے کی صورت میں ریاست کے اندر ہی غائب ہوجاتے ہیں۔

دبئی حکومت کی جانب سے ایک اعلامیہ امیگریشن حکام کو جاری کردیا گیا ہے ساتھ ہی ٹریول ایجنٹ کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ پاکستانی اور فلپائنی شہریوں کو وزٹ ویزا دینے سے گریز کریں۔

اس پابندی کا اطلاق 14 دن والے ٹرانزٹ ویزا اور 30 دن کے لیے جاری ہونے والے شارٹ ٹرم ویزا پر نہیں ہوگا، فی الوقت صرف 90 دنوں کے وزٹ ویزا پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

حکام نے ساتھ یہ بھی واضح کیا ہے کہ یکم جون سے کوئی درخواست قابل قبول نہیں ہوگی تاہم اس سے قبل دی جانے والی درخواستوں پر ویزے جاری کیے جائیں گے۔

فی الحال یہ پابندی تا حکم ثانی ہے  حکام کی جانب سے ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ پابندی کب تک نافذ العمل رہے گی۔

واضح رہے کہ سعودیہ عرب نے بھی گزشتہ ماہ 300 پاکستانیوں کو پاکستان واپس بھیج دیا تھا اور سعودی اعلیٰ حکام کا کہنا تھا کہ اب غیر ملکیوں کو روزگار فراہم نہیں کرے گا اور تمام تر شاپنگ مال میں سعودی شہری ہی کام کریں گے جس کے بعد اب یو اے ای نے بھی پاکستانیوں کو 3 ماہ کے وزیٹ ویزے پر پابندی عائد کی ہے تاکہ غیر ملکی اثر و رسوخ کم ہو اور اپنے ہی شہریوں کو روزگار فراہم کیا جائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری