لندن پھر لہو میں رنگ گیا؛ دہشتگرد واقعہ میں 6 ہلاک، 30 زخمی + تصاویر


لندن پھر لہو میں رنگ گیا؛ دہشتگرد واقعہ میں 6 ہلاک، 30 زخمی + تصاویر

لندن میں ایک بار پھر دہشتگردی کے عفریت نے 6 بےگناہ شہری نگل لئے جبکہ 30 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق برطانیہ ابھی مانچسٹر حملے کے صدمے سے باہر نہ نکلا تھا کہ انسانیت دشمن دہشتگردوں نے لندن پر ایک اور حملہ کر دیا۔

برطانیہ میں دہشت گردی کے تازہ ترین واقعے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے جب کہ 30 افراد زخمی ہیں۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں تینوں نامعلوم حملہ آوروں کو بھی مار دیا گیا ہے۔

ہفتہ کو دیر گئے لندن برج پر مشتبہ حملہ آوروں نے ایک تیزرفتار وین لوگوں پر چڑھا دی جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

بعد ازاں حملہ آور بورو مارکیٹ پہنچے جہاں انھوں نے چاقو سے حملہ کر کے مختلف لوگوں کو زخمی کر دیا۔

پولیس کا کہا تھا کہ ان واقعات میں تین حملہ آور ملوث تھے جنہیں ایمرجنسی سروسز پر کال موصول ہوتے ہی پولیس نے آٹھ منٹ کے اندر اندر گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

لندن ایمبولینس سروس نے ٹوئٹر پر بتایا کہ اس نے شہر کے چھ مختلف اسپتالوں میں 30 زخمیوں کو منتقل کیا۔

برطانوی حکام نے اس واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔ مسلح پولیس نے پورے علاقے میں تلاشی کی کارروائی مکمل کر لی ہے جب کہ یہاں واقع کلب اور ریستورانوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے لندن واقعے کو ممکنہ طور پر دہشت گردی قرار دیتے ہوئے سیکورٹی اجلاس طلب کر لیا، ان کا کہنا ہے کہ لندن مستقل دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔

واضح رہے کہ مانچسٹر دھماکے پر تبصرہ کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم نے برطانیہ میں مزید دہشتگرد حملوں کا اندیشہ ظاہر کیا تھا۔

لندن کے میئر صادق خان نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تاحال اس واقعے کی مکمل تفصیلات معلوم نہیں ہیں لیکن یہ لندن کے رہنے والوں اور سیاحوں پر دانستہ اور بزدلانہ حملہ تھا۔

فرانسیسی صدر کا ان واقعات سے متعلق کہنا ہے کہ لندن حملوں کے بعد پہلے سے بھی زیادہ برطانیہ کے ساتھ ہیں۔

واشنگٹن سے جاری امریکی محکمہ خارجہ کے بیان کے مطابق برطانیہ کی درخواست پر ہر طرح کی مدد کرنے کو تیار ہیں، حملے بزدلانہ ہیں جن میں معصوم شہریوں کونشانہ بنایا گیا۔ دہشت گردی کے خلاف امریکی عوام برطانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

خیال رہے کہ چند گھنٹوں بعد آئی سی سی چیمپئین ٹرافی کے سلسلے میں برطانیہ ہی کے شہر برمنگھم میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کرکٹ میچ کھیلنے والی ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری