سعودی عرب کی قطر سے سفارتی چپقلش میں پستے پاکستانی زائرین


سعودی عرب کی قطر سے سفارتی چپقلش میں پستے پاکستانی زائرین

سعودی عرب سمیت چھ عرب ممالک کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے اعلان کے بعد سے قطر ایئر ویز سے سعودی عرب جانے والے متعدد پاکستانی مسافر دوحہ ائیرپورٹ پر پھنس گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کےمطابق سعودی عرب اور مصر سمیت چھ عرب ممالک کی جانب سے قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کے اعلان کے بعد سے قطر ایئر ویز پر سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے جن میں پاکستان کے شہری بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے مختلف شہروں سے قطر ایئر ویز سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد اس وقت دوحہ کے ایئر پورٹ پر پھنس گئی ہے۔

ایک پریشان حال پاکستانی مسافر نے دوحہ کے ہوائی اڈے سے رابطہ کر کے بتایا کہ وہ زائر ہیں اور عمرہ کرنے سعودی عرب جا رہے تھے اور احرام بھی باندھ لیا تھا لیکن اب تقریباً 24 گھنٹے سے ایئر پورٹ کے اندر انتظار میں بیٹھے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ ساتھ پاکستان کے دوسروں شہروں سے سعودی عرب جانے والے بہت سے مسافر ایئر پورٹ پر موجود ہیں۔
پاکستانی مسافرین نے بتایا کہ روزے کی حالت میں ایئر پورٹ پر انتظار کرنا انتہائی تکلیف دے ہے اور خاص کر بچوں اور خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ماہِ رمضان میں عمرے کی ادائیگی کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد قطر اور متحدہ عرب امارات کی ایئر لائنز سے سعودی عرب جاتی ہے۔
اس کے علاوہ روزگار کے سلسلے میں جانے والے شہری بھی ان ہی ممالک کی ایئر لائن کو زیادہ استعمال کرتے تھے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں شامل ریاست ابوظہبی کی سرکاری فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز نے منگل کی صبح سے دوحہ کے لیے تمام پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔


اتحاد ایئرویز کے اس اعلان کے بعد دبئی کی فضائی کمپنی امارات کے علاوہ بجٹ ایئرلائن فلائی دبئی، بحرین کی گلف ایئر اور مصر کی ایجپٹ ایئر کی جانب سے بھی ایسے ہی اعلانات کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے کہا ہے کہ وہ قطر سے آنے اور وہاں جانے والی پروازیں بند کر دیں گے اور قطری فضائی کمپنی قطر ایئرویز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے کی جانب سے دوحہ میں پھنسے پاکستانی مسافروں کو واپس لانے کے لئے ایک خصوصی پرواز کا انتظام کرنے کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔

دوسری جانب عرب ممالک کے بائیکاٹ کا پہلا دھچکا قطر کو شیئر مارکیٹ کریش ہونے کی صورت میں لگا جہاں تمام شعبہ جات میں شیئرز کی قیمتیں بری طرح گر گئیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری