سپاہ پاسداران ایران: "ہم انتقام لیں گے"


سپاہ پاسداران ایران: "ہم انتقام لیں گے"

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران نے مرقد امام خمینی اور پارلیمنٹ پر ہونے والے حملوں کے انتقام کا عندیہ دیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ اور امام خمینی کے مزار پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے بیان جاری کیا ہے۔

سپاہ پاسداران کے بیان کا متن درج ذیل ہے؛

بسم الله الرحمن الرحیم

"جیسا کہ آپ کو معلوم ہو چکا ہے کہ گزشتہ روز صبح 10:15 پر عام شہریوں کے بھیس میں 3 دہشت گرد قومی اسمبلی کے نمائندوں سے ملاقات کرنے کے لئے آنے والی عوام کے مخصوص دروازے پر پہنچے اور وہاں سیکورٹی پر مامور اہلکار کو شہید کرتے ہوئے اندر ہال میں بیٹھے لوگوں پر فائر کھول دی۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اس حملے میں کئی اہل وطن شہید ہو گئے۔

دہشت گرد قومی اسمبلی میں داخل ہونا چاہتے تھے لیکن اسمبلی کے سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے پوزیشن سنبھالنے کے بعد مجبور ہوکر وزیٹر لابی کے ایک کمرے میں چھپ گئے اور اس دوران بھی عمارت کے کچھ کارکنان کی شہادت ہوئی۔

سپاہ پاسداران کے سیکورٹی دستے کے میدان عمل میں اترنے اور پولیس فورس کے جانبازوں کے بروقت تعاون کے بعد دہشت گرد اپنے بلوں میں محصور ہو گئے اور ایک گھنٹے کے اندر اندر ہلاک کر دئے گئے۔

یہ بات قابل توجہ ہے کہ اس پورے حادثے کے دوران اسلامی جمہوری ایران کی پارلیمنٹ کا عمومی اجلاس تھوڑی دیر کے لئے بھی نہیں رکا  اور دہشت گردوں کے اس بزدلانہ اور غیر انسانی حملوں کے بعد بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں کوئی خلل نہیں آیا۔

قومی اسمبلی پر اس حملے کے ساتھ ہی امام خمینی کے مزار پر بھی دو دہشت گردوں نے حملہ کرتے ہوئے ایک مالی کو شہید کر دیا۔ ہمارے پولیس اہلکاروں نے دونوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

خطے کی ایک دہشت گرد حامی سلطنت کے سربراہ سے امریکی صدر کی ملاقات کے ایک ہفتہ بعد ہی ہم پر ہونے والے اس دہشت گردانہ حملے اور اس کی ذمہ داری داعش کے قبول کرنے نے ایرانی عوام کے دل و دماغ میں یہ بات نقش کر دی ہے کہ ان بزدلانہ حملوں میں ان کی بھی سازش ہے۔ پاسداران انقلاب اسلامی یہ بات ثابت کر چکی ہے کہ کوئی بھی پاک خون بنا انتقام کے نہیں رہتا اور جس طرح آج اپنی پولیس فورس کی مدد سے ہم نے تمام دہشتگردوں کو واصل جہنم کیا ہے یہ بات ایرانی قوم کو مطمئن کرتی ہے کہ ہم اپنی قومی سلامتی اور ایرانی عوام کی حفاظت میں ایک لمحہ بھی کوتاہی نہیں کریں گے۔"

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری