سری لنکا نے دفاعی چیمپئن بھارت کو 7 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے دی


سری لنکا نے دفاعی چیمپئن بھارت کو 7 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے دی

چیمپئنز ٹرافی گروپ بی کے اہم میچ میں سری لنکا نے دفاعی چیمپئن بھارت کو سات وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سری لنکا کی شاندار بیٹنگ کے سبب بھارت کو ایک شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی ٹیم نے 48اعشاریہ چار اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر بھارت کی جانب سے دیا گیا 321کا ہدف حاصل کرلیا۔

اس سے قبل سری لنکن کپتان میتھوز نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جس پر بھارت نے اپنے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر  321رنز بنائے جس میں شیکر دھون 125، روہت شرما 78 اور دھونی  63قابل ذکر بیٹسمین تھے۔

جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے بھارت کے پہاڑ جیسے مجموعے کے تعاقب میں صرف 11 رنز پر پہلی وکٹ کھودی ۔

اس صورتحال کے بعداوپنرگونتھی لکا76اور مینڈس 89کے درمیان 159کی شاندار شراکت قائم ہوئی اور یہی شراکت آئی لینڈرز کی فتح کی بنیاد رکھ گئی۔

بعدازاں کوشل پریرا47نے اس ردھم کو جاری رکھا۔ میچ کے آخری حصے میں سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھوز52اورآسیلا گونارتنے 34نے اپنی وکٹیں کھوئے بغیر وکٹ پر موجود رہتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا اور مطلوبہ ہدف آٹھ گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔

بھارتی بولرز اور فیلڈرز سری لنکن بیٹسمینوں کے سامنے بے بس نظر آئے اور کسی بھی موقع پر ایسا نہیں لگا کہ وہ آئی لینڈرز پر حاوی ہوگئے ہوں۔

بھارت کی جانب سے صرف بھونیشور کمار ہی ایک وکٹ لے پائے، جبکہ سری لنکا کے دوبیٹسمین رن آئوٹ ہوئے۔

آئی لینڈر بیٹسمین کوشل مینڈس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا کی کامیابی کے بعد اب اس گروپ میں سیمی فائنل میں پہنچنے کے حوالے سے ایک دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ چمپئنز ٹرافی میں سری لنکا کے بلے بازوں کی جانب سے بھارتی باﺅلرز کی دھلائی کے بعد بھارت کی عبرتناک شکست نے اگلے میچز کو تما م ٹیموں کے لئے ایک کڑا امتحان بنا دیا ہے۔ جو بھی ٹیم اگلے میچز جیتے گی وہ سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرے گی۔

گروپ بی کی تمام ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہوچکے ہیں، اگر پاکستان سری لنکا پیرروز ہونے والے ٹاکرے میں شکست دینے میں کامیاب ہو جاتاہے تو سیدھا سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا جبکہ دوسری جانب انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے میچ میں جو بھی ٹیم فاتح قرار پائے گی وہ بھی سیدھی سیمی فائنل میں جائے گی۔

لہذا اب آئی سی سی چیمپئن ٹرافی کے گروپ بی کے اگلے دونوں میچ کوارٹر فائنل کی شکل اختیار کرگئے ہیں۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری