پنجاب میں باران رحمت زحمت بن گئی؛ 14 افراد جاں بحق درجنوں زخمی


پنجاب میں باران رحمت زحمت بن گئی؛ 14 افراد جاں بحق درجنوں زخمی

پنجاب کے کئی علاقوں میں طوفانی بارش اور تیز ہواوں کے سبب مختلف واقعات میں 14 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بارش اور تیز آندھی سے پنجاب کے کئی علاقوں میں تباہی ہوئی ہے۔ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ہیں۔ چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

بہاولنگر میں طوفانی آندھی کے باعث مختلف حادثات نے خاتون اور بچے سمیت چار معصوم افراد کی زندگیاں نگل لیں۔

بہاولنگر ہی کی تحصیل ہارون آباد میں دیوار گرنے سے دو بچے ملبے تلے دب گئے جبکہ مختلف حادثات میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

اسی طرح فیصل آباد میں میراں والا بنگلہ کے قریب موسلا دھار بارش سے چھت گرنے سے خاتون شکیلہ بی بی دب کر دم توڑ گئی جبکہ اس کا شوہر زخمی ہو گیا۔

بورے والا میں بارش سے گرنے والی دیوار تلے آ کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے۔

اٹھارہ ہزاری میں تیز آندھی سے درخت گر گیا جس کے نیچے دب کر خاتون اور اس کا گیارہ سالہ بیٹا جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔

چیچہ وطنی میں بوسیدہ چھت گرنے سے دس سالہ بچہ دم توڑ گیا جبکہ پانچ خواتین زخمی ہوئیں۔

بہاولنگر، فیصل آباد، ملتان، راجن پور اور لودھراں میں بارش جبکہ مری اور گردونواح میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔

اسی طرح سیالکوٹ، گوجرانوالا، گجرات، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، حافظ آباد، جام پور، خانیوال، جہانیاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت دیگر شہروں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری