شیعہ علماء کونسل کی کوششیں، فرقہ واریت کا قلع قمع کر دیا، علامہ ساجد نقوی


شیعہ علماء کونسل کی کوششیں، فرقہ واریت کا قلع قمع کر دیا، علامہ ساجد نقوی

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ کا کہنا ہے کہ تمام مسالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے فرقہ واریت کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز کی رہائش گاہ پر دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں ایس یو سی کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار، پی ایس پی پاکستان کے سربراہ مصطفٰی کمال، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا، جماعت اسلامی کے اسد اللہ بھٹو، جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، مجلس علمائے شیعہ پاکستان علامہ مرزا یوسف حسین، ممبر صوبائی اسمبلی انور رضا، میجر قمر عباس، وسیم آفتاب، علامہ سید ناظر عباس تقوی، جے یو آئی (ف) کے رہنما اسلم غوری، موسٰی عابدی، علامہ کرم الدین واعظی سمیت شہر بھر کے مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مملکت خداداد پاکستان کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، اس صورتحال میں اتحاد وحدت بھائی چارگی کو فروغ دیا جائے، تاکہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالا جا سکے، ہم نے ملک بھر میں اتحاد اور وحدت کی فضاء قائم کرنے کے لئے اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کرتے ہوئے اور ملک کی فضاء کو بہتر بناتے ہوئے تمام مسالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے فرقہ واریت کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا۔

فاروق ستار کا خطاب میں کہنا تھا کہ ملک کی بہتری اور ترقی کے لئے ہماری کوششیں کسی سے بھی پوشیدہ نہیں، ہم پاکستان میں عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، علامہ ساجد نقوی کی اتحاد کی کوششوں کو دل سے سراہتے ہیں۔

علامہ ناظر عباس تقوی کا خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کو دو بڑے مسائل کا سامنا ہے دہشت گردی اور کرپشن، اس چیلنج سے نمٹنے اور عوامی مشکلات کو حل کرنے کے لئے ہمیں اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی تاکہ شہر کراچی کو مسائل سے نکالا جاسکے۔

مصطفٰی کمال کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پی ایس پی عوامی مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کر رہی ہے اور شہر کراچی کی مشکلات کے حل کے لئے حکومت کے ہر دروازے پر دستخط دی، لیکن حکمران خواب غفلت کی چادر اتارنے کو تیار نہیں، پی ایس پی کا منشور صرف عوام کی خدمت ہے۔

ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور شہر کراچی کے ترقیاتی کام عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لئے ہیں۔ سماجی شخصیت موسٰی عابدی کا خطاب میں کہنا تھا کہ آج کا ہونے والا یہ افطار ملی اتحاد کا منہ بولتا ثبوت ہے، تمام سیاسی اور مذہبی پارٹیوں کو چاہیئے کہ وہ اس طرح کے پروگرامات کا انعقاد کریں، تاکہ آپس میں رواداری کا سلسلہ قائم رہے۔

آخر میں یعقوب شہباز نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے ہمیں اپنی ملی سوچ کو اجاگر کرنا پڑے گا اور بھائی چارگی کے فروغ کے لئے اس طرح کی تقریبات کا سلسلہ ہماری جانب سے جاری رہے گا، شہر کراچی کو بحران سے نکالنے کے لئے ہمیں مل کر سنجیدہ اقدام کرنے ہونگے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری