پاکستان سری لنکا کو پچھاڑ کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا


پاکستان سری لنکا کو پچھاڑ کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کو کارڈف کے میدان میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

سری لنکا نے پاکستان کو 236 رنز کا ہدف دیا تھا، پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ رنز بنا کر میچ اپنے نام کر لیا۔

پاکستانی اوپنرز اظہر علی اور فاخر زمان نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم اس کے بعد آنے والے کھلاڑی غیر ضروری شارٹس کھیل کر آؤٹ ہوتے رہے۔ بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک اور عماد وسیم کی بیٹنگ نے شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا۔ ان کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ پاکستان یہ اہم میچ ہار جائے گا تاہم کپتان سرفراز احمد اور محمد عامر نے انتہائی ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ پاکستانی ٹیم نے چوالیس اعشاریہ پانچ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کر کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ سرفراز احمد نے 61 جبکہ محمد عامر نے 28 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

اس میچ میں پاکستان کی جانب سے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان اور حسن علی کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے سری لنکا کے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دیگر گیند بازوں میں محمد عامر اور فہیم اشرف کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔

باولرز کے ساتھ ساتھ اس نہایت اہم میچ کی جیت کا سہرا پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور محمد عامر کو جاتا ہے جنہوں نے انتہائی ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

اپنی شاندار کارکردگی کی بنا پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ اس ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل کل اسی میدان میں میزبان ٹیم برطانیہ اور پاکستان کے مابین کھیلا جائے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری