فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا حکومت سے یوم قدس سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کا حکومت سے یوم قدس سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کانفرنس "القدس اتحاد امت کا مرکز" میں شیعہ سنی علماء نے حکومت سے یوم القدس سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ کیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے کراچی کے مقامی ہوٹل میں ’القدس اتحاد امت کا مرکز‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ملک کے مذہبی، سیاسی،سماجی رہنماؤں وکلاء،اسکالرز اور صحافی حضرات نے شرکت کی۔

کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ، عام لوگ اتحاد پارٹی کے سربراہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین، ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی میجر (ر) قمر عباس، جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو، فلسطین فاونڈیشن کی سرپرست کمیٹی کے رکن اور جماعت اسلامی سندھ کے رہنماء مظفر ہاشمی، جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اسلم غوری، معروف اسکالر و مصنف اور سابق مشیر حکومت پاکستان نصرت مرزا، تحریک انصاف کے رہنماء اسرار عباسی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء یونس بونیری، مسلم لیگ (ن) سندھ علماء مشائخ ونگ کے صدر اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کے ترجمان پیرزادہ سید محمد ازہر علی شاہ ہمدانی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ باقر زیدی، کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی، وائس چیئرمین چرچ آف پاکستان پادری ریاض مسیح، معروف اسکالر، ادیبہ و سابق مشیر حکومت پاکستان ڈاکٹر عالیہ امام، آل پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین مطلوب اعوان قادری، پاکستان سنی تحریک کے مرکزی ترجمان فہیم الدین شیخ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر سید علی اویس زیدی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صابر ابو مریم و دیگر مقررین نے خطاب کیا جبکہ کانفرنس میں سول سوسائٹی اراکین اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندگان، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، اسلامی جمعیت طلبہ، پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، مصطفوی اسٹوڈنٹس موومنٹ کے وفود سمیت سمیت طلباء برادری کے سردار فرہاد گل، کاظم علی، اویس ربانی، حمزہ صدیقی، شیر آفریدی، فرید میمن، رضوان اعوان، محمد اویس، اسامہ مصطفی، اویس قادری، وسیم اختر، سردار اکرام خان، عشرت غزالی، جاوید میر سمیت دیگر بھی شریک تھے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو ہم شروع سے اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں، ہمارا فلسطین کے ساتھ ایک دینی و جذباتی لگاؤ ہے، جسے کم یا ختم نہیں کیا جا سکتا جبکہ دہشتگرد گروہوں نے اسلام کے نام پر ہزاروں میل دور تو کارروائیں کیں، لیکن چند میل دور اسرائیل کو انہوں نے کبھی بھی نشانہ نہیں بنایا۔

فلسطین کاز پر پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور قائدین متحد ہیں، ہم سب مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں، عالمی سامراجی قوتیں مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کیلئے مسلم دنیا کو دہشتگردی سمیت معاشی مسائل میں الجھا رہی ہیں، تاکہ اسرائیل کو تحفظ فراہم ہو سکے، مسئلہ فلسطین صرف عرب دنیا کا ہی نہیں بلکہ پوری مسلم امہ اور انسانیت کا اولین مسئلہ ہے۔

واضح رہے کہ تمام مذہبی سیاسی سماجی رہنماؤں نے متحد ہو کر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یوم القدس سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا جائے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری