آئی سی سی چیمپئین ٹرافی کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم پر التفات اور انعامات کی بارش


آئی سی سی چیمپئین ٹرافی کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم پر التفات اور انعامات کی بارش

آئی سی سی چیمپئین ٹرافی جیتنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے جہاں مبارکباد کا تانتا بندھ گیا وہیں وطن واپسی پر کئی انعامات بھی ان کے منتظر ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دینے پر جہاں پاکستانی قوم نے اپنی قومی ٹیم کو سر آنکھوں پر بٹھایا ہے وہیں پاکستان کے اعلی حکام بھی پیچھے نہیں رہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دینے پر صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔

ٹیم انتظامیہ اور کپتان سرفراز احمد کو بھجوائے گئے اپنے الگ الگ پیغامات میں ان رہنمائوں نے قومی ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد دینے کے ساتھ ٹیم کی مستقبل میں بھی ایسی ہی پرفارمنس کے لیے دعا بھی کی۔

دریں اثنا آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے عمرے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ٹیم ورک کبھی نہیں ہرایا جاسکتا۔

علاوہ ازیں بحریہ ٹاؤن کے چیف ایگزیکٹوملک ریاض نے جیت پر فخرکو کراچی میں پلاٹ دینے کااعلان کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف ایگزیکٹوبحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ نازبلے بازفخرکی بھارت کیخلاف میچ میں شاندارسنچری پرخراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان کی جیت پرفخر کو بحریہ ٹاؤن کراچی میں ایک پلاٹ تحفہ میں دیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے گرین شرٹس کے استقبال کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

وزیر اعلی شہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر رانا مشہود کی زیر قیادت کمیٹی استقبالی پروگرام کو نہ صرف حتمی شکل دے گی بلکہ کھلاڑیوں کے لئے انعامات کی سفارش بھی پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے اس جیت کو قوم کے نام کیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری