امریکہ کے اشتعال انگیز بیانات پر ایران کا احتجاج


امریکہ کے اشتعال انگیز بیانات پر ایران کا احتجاج

اقوام متحدہ میںایران کے مستقل مندوب نے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش سے امریکی وزیر خارجہ کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے تمام ممالک سے ایسے رویے کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلامعلی خوشرو نے گزشتہ روز سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریش کے نام ایک خط میں امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کے اشتعال انگیز بیانات پر شدید احتجاج کیا۔

انہوں نے اس خط میں کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ ایران میں حکومت مخالف عناصر کی پشت پناہی کرتے ہوئے جائز حکومت اور جمہوری نظام کا تختہ الٹا دے۔

خوشرو نے ٹرمپ انتظامیہ کے وزیر خارجہ کے بیانات کو اشتعال انگیز اور غیرتعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ایرانی مندوب نے کہا کہ الجیریا کے 1981 اور امریکہ کے تمام معاہدوں کے مطابق، اسے ایران کے اندورنی مسائل میں سیاسی یا فوجی مداخلت کرنے کا حق نہیں مگر حالیہ بیانات سے ان معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی سامنے آئی ہے۔

غلامعلی خوشرو نے کہا کہ ایرانی عوام نے ہمیشہ ثابت کیا کہ وہ ہمیشہ اپنے مستقبل کے بارے میں خود فیصلہ کرتے ہیں جبکہ امریکہ ہمارے ملک کے اندرونی مسائل میں مداخلت کرنے میں ہمیشہ ناکام رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی  کے اجلاس میں دعوی کیا تھا کہ خطے میں ایران کی موجودگی سے تناؤ میں اضافہ ہورہا ہے لہذا ہماری پالیسی ایران کے عزائم کو ناکام کرنا اور اس کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے روکنا ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری