کلبھوشن یادیو کی آرمی چیف سے معافی؛ سزائے موت پر رحم کی اپیل


کلبھوشن یادیو کی آرمی چیف سے معافی؛ سزائے موت پر رحم کی اپیل

بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے معافی مانگتے ہوئے سزائے موت پر رحم کی اپیل کردی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم نے پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو نے اپنی اعترافی ویڈیو میں ریاستی دہشتگردی اور جاسوسی میں ملوث ہونے کااعتراف کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو رحم کی اپیل کرتے ہوئے معافی مانگ لی ہے۔

واضح رہے کہ کلبھوشن یادیو کودہشتگردانہ سرگرمیوں اور جاسوسی میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنا دی گئی ہے جبکہ بھارتی ایجنٹ نے ملٹری اپیلٹ کورٹ میں بھی نظر ثانی درخواست دائر کی تھی لیکن وہاں بھی اس کی درخواست مسترد ہو گئی تھی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آرمی چیف اگر اپیل مسترد کریں گے تو آخری اپیل صدر کو بھیجی جا سکتی ہے جبکہ کلبھوشن کی جاری کی جانے والی یہ دوسری اعترافی ویڈیو ہے جس میں اس نے دہشتگردی سمیت دوسری کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

کلبھوشن یادیو کا اپنے اعترافی بیان میں کہنا تھا کہ میں بھارتی بحریہ میں کمیشنڈ آفیسر ہوں اورمیرا بھارتی نیوی کا نمبر 41558 زولو ہے۔

میرا عرفیت والا نام حسین مبارک پٹیل ہے، میں نے 2005 اور2008 میں کراچی کا دورہ کیا، جس کا مقصد بحریہ تنصیبات سے متعلق بنیادی خفیہ اطلاعات جمع کرنا تھا، یہی نہیں پاک بحریہ کے اثاثوں کی اور ان کے علاوہ جو معلومات ملیں وہ بھی حاصل کیں جبکہ میں خفیہ اطلاعات جمع کرنے2 بار کراچی گیا۔

کلبھوشن نے مزید کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ نے یہ محسوس کرلیا تھا کہ 2014 میں نریندر مودی کی حکومت ہوگی، لہٰذا میری خدمات را کے سپرد کردی گئیں۔

میری بنیادی ذمہ داری مکران کے ساحلی علاقوں، کراچی، بلوچستان، کوئٹہ اور تربت کے علاقوں میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں پر نظر رکھنا، ان کو پایہ تکمیل تک پہنچانا اور اس سلسلے میں تمام انتظامات احسن طریقے سے نبھانا تھی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کلبھوشن کومعافی دینے یا نہ دینے کا اختیار صدرکے پاس ہے۔

کلبھوشن یادیو ہزاروں افراد کے قتل کا ذمہ دار ہے اسے بیگناہ افراد کے قتل کے جرم میں سزاملنی چاہیے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری