شہادتوں کی تعداد 95 تک جا پہنچی، 300 افراد زخمی/ دھرنا جاری + تصاویر


شہادتوں کی تعداد 95 تک جا پہنچی، 300 افراد زخمی/ دھرنا جاری + تصاویر

پاراچنار کے طوری بازار میں ہونے والے یکے بعد دیگرے دو دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 95 ہو گئی جبکہ 300 معصوم شہری زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ماہ مبارک کے آخری عشرے میں پارا چنار میں افتاری کی خریداری کرنے والے روزہداروں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔

تین منٹ کے وقفے سے ہونے والے 2 ہولناک دھماکوں کے نتیجے میں شہادتوں کی تعداد 95 تک جا پہنچی ہے۔

افسوسناک واقعے میں 300 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پہلے دھماکے کی آواز سن کر لوگ زخمیوں کی امداد کو پہنچے تو اچانک دوسرا دھماکا کردیا گیا۔
دھماکہ اس قدر خوفناک تھا کہ اس کی آواز دس سے پندرہ کلومیٹر دور تک سنی گئی۔

خبر ملی ہے کہ دوسرے دھماکے سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔

دھماکوں کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ایوی ایشن کے دو ہیلی کاپٹروں نے زخمیوں کو پشاور منتقل کیا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔

ادھر دھماکوں کے بعد قبائلی عوام مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پریس کلب پر حملہ کردیا۔ 

مشتعل عوام نے پتھراؤ کرکے گاڑیوں اور پریس کلب کے شیشے توڑ دیے۔

مشتعل مظاہرین نے سات صحافیوں کے کیمرے چھین کر توڑ دیے۔

اس موقع پر احتجاج پرتشدد ہو گیا جس پر سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر فائر کھول دیا اور اس کے نتیجے میں بھی کچھ جانی نقصان پیش آیا۔

خیال رہے کہ اس المناک واقعے کے بعد جب پوری پاکستانی قوم افسردہ ہے وہیں رنج و غم سے چور پاراچنار کی عوام نے اس اندوہناک سانحے کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے۔ 

دوسری جانب دہشتگردی کے اس واقعے کے بعد شہر بھر میں موبائل سروس بھی معطل ہے جس کی وجہ سے پاراچنار سے تعلق رکھنے والے وہ حضرات جو دیگر شہروں یا ممالک میں مقیم ہیں، اپنے پیاروں کی خیریت  جاننے سے قاصر ہیں اور سخت ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری