عید سے قبل قیامت ٹوٹ پڑی / 100 سے زائد افراد زندہ جل گئے


عید سے قبل قیامت ٹوٹ پڑی / 100 سے زائد افراد زندہ جل گئے

احمد پور شرقیہ کے علاقے میں حادثے کے شکار آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس پر وہ دھماکے سے پھٹ گیا اور 100 سے زائد افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ کئی افراد زخمی ہیں ۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بہاولپور احمد پور شرقیہ کے قریب آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے123افراد جاں بحق اور درجنوں جھلس گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آئل ٹینکر پھٹنے کا واقعہ قومی شاہراہ پر پل پکا کے قریب اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر کے الٹنے کے باعث پٹرول لیک ہونے لگا اور بڑی تعداد میں لوگ پٹرول جمع کرنے وہاں پہنچ گئے۔

اس دوران آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 123افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

آئل ٹینکر پھٹنے سے قریب موجود 75سے زائد موٹرسائیکلیں اور کئی کاریں بھی جل کر راکھ ہوگئیں۔

فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشیں بری طرح جھلسی ہوئی ہیں اور ان کی شناخت کے بغیر ڈی این اے ممکن نہیں۔

زخمیوں کو بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال سمیت قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ڈائریکٹر جنرل 1122، ڈاکٹر رضوان نصیرنے 100سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں جھلسنے والے 50کے قریب افراد کو مقابی ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ زخمیوں میں بیشتر افراد  80فیصد سے زائد جھلس چکے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری