نانگا پربت: غیرملکی کوہ پیما 3 روز سے لاپتہ


نانگا پربت: غیرملکی کوہ پیما 3 روز سے لاپتہ

دنیا کی بلند اور خطرناک ترین پہاڑوں میں شمار ہونے والے پہاڑ نانگا پربت کو سر کرنے کے لیے جانے والے 14 غیر ملکی کوہ پیماؤں میں سے 2 تین روز گزر جانے کے باوجود لاپتہ ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق دنیا کی بلند اور خطرناک ترین پہاڑوں میں شمار ہونے والے پہاڑ نانگا پربت کو سر کرنے کے لیے جانے والے 14 غیر ملکی کوہ پیماؤں میں سے سپین اور ارجینٹینا سے تعلق رکھنے والے 2 کوہ پیما تین روز گزر جانے کے باوجود لاپتہ ہیں۔

واضح رہے کہ لاپتہ ہونے والے کوہ پیماؤں میں سے البیرٹو زیرن بیریسٹی کا تعلق اسپین، جب کہ ماریو گلائکن کا تعلق ارجنٹینا سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاپتہ ہونے والے دونوں کوہ پیما 18 جون کو نانگا پربت کی مہم جوئی کرنے کے لیے جانے والے 14 رکنی گروپ کا حصہ تھے، جس میں سے 12 کوہ پیما مہم مکمل کرکے واپس اپنے بیس کیمپ پہنچ گئے ہیں تاہم 3 روز گزر جانے کے باوجود 2 کوہ پیما کا کچھ پتہ نہیں ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ 14 رکنی کوہ پیماؤں کے گروپ میں کوریا، جاپان، اٹلی، اسپین اور ارجنٹینا سمیت دیگر ممالک کے مہم جو شامل تھے۔

اس مہم کے آرگنائیزر محمد اقبال نے بتایا کہ لاپتہ ہونے والے کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں تاہم تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوہ پیماؤں کے گروپ کے ساتھ کم سے کم 50 گائڈڈ تھے، جو واپس اپنے بیس کیمپ میں پہنچ چکے۔

خیال یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لاپتہ ہونے والے کوہ پیما خراب موسم کی وجہ سے کہیں پھنس گئے ہوں گے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر میں واقع نانگا پربت کا شمار دنیا کی خطرناک اور دشوار گزار پہاڑوں میں ہوتا ہے جہاں گزشتہ چند سال میں کئی غیر ملکی کوہ پیما مہم جوئی کی کوشش کے دوران ہلاک ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے اس چوٹی کو ’خونی چوٹی‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ نانگا پربت دنیا کی 9 ویں بلند ترین چوٹی ہے، جو سطح سمندر سے 8 ہزار 126 میٹر بلند ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری