سعودی عرب: سڑک حادثے میں 6 پاکستانیوں سمیت 10 افراد جاں بحق


سعودی عرب: سڑک حادثے میں 6 پاکستانیوں سمیت 10 افراد جاں بحق

عید کے تیسرے روز سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 6 پاکستانیوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 5زخمی ہو گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مدینہ ہائی وے پر مخالف سمت سے آنے والی دو گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

سعودی ہلال احمر کے ترجمان عبداللہ ابو زید کا کہنا ہے کہ حادثہ رابغ شہر کے قریب پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک گاڑی میں پاکستانی خاندان سوار تھا جب کہ دوسری گاڑی سوڈانی تارکین وطن کی تھی۔

زخمیوں کو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

افسوسناک واقعے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 6 کا تعلق پاکستان اور 4 کا تعلق سوڈان سے ہے۔

سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق جاں بحق افراد میں پاکستانی شہری رانا جاوید، اہلیہ، بیٹا، بیٹی، داماد، بہو اور دیگر 3 افراد شامل ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری