پنجاب میں بارش کے ساتھ موت برستی رہی، مختلف واقعات میں 13 افراد جاں بحق 120 زخمی


پنجاب میں بارش کے ساتھ موت برستی رہی، مختلف واقعات میں 13 افراد جاں بحق 120 زخمی

صوبہ پنجاب میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقوں میں حادثات، چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے سے 13 افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 120 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق صوبہ پنجاب میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقوں میں مختلف حادثات نے بچوں سمیت 13 افراد کی جان لے لی۔ علاوہ ازیں 120 افراد زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جھنگ اٹھارہ ہزاری میں پانچ بچے بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے گڑھے میں ڈوب گئے۔

ڈوبنے والوں میں تین بچیاں اور دو بچے شامل تھے۔ تمام بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔

اسلام آباد میں ننگی تار کو چھونے سے 12 سالہ عبدالرحمان جاں بحق ہو گیا، بچانے کی کوشش میں بچے کا والد وسیم بھی کرنٹ لگنے سے چل بسا۔

اسی طرح لاہور اچھرہ میں 14 سالہ راہول مسیح کرنٹ لگنے سے جھلس کر دم توڑ گیا۔ بارش سے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، کئی علاقوں میں بجلی گھنٹوں غائب رہی۔

چنیوٹ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

فیصل آباد میں چھت گرنے سے پانچ سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔

دوسری جانب شورکوٹ میں آم کے باغ میں شیڈ گر گیا جس کے نتیجے میں 2 مزدور جاں بحق اور بیس زخمی ہو گئے۔

قصور میں فیصل آباد سے آنے والی زائرین کی بس الٹ گئی۔

حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد جانیں گنوا بیٹھے جبکہ 52 زخمی ہو کر ہسپتالوں میں پہنچ گئے۔

مری اور روات میں پھسلن سے حادثات کے باعث 40 افراد زخمی ہو گئے۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے اورصوبائی حکومتوں کوہدایات دی ہیں کہ وہ ملک میں جاری بارشوں  کے تناظر میں حفاظتی اقدامات کر کے عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری