پاکستان کے ریاستی اداروں سے انصاف نہیں ملے گا مگر جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی


پاکستان کے ریاستی اداروں سے انصاف نہیں ملے گا مگر جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا ہے کہ مجھے علم ہے کہ ان اداروں سے انصاف نہیں ملے گا مگر انصاف کی جدوجہد کرتے کرتے اس دنیا سے جاؤں گا

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہر القادری نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے علم ہے کہ ان اداروں سے انصاف نہیں ملے گا مگر انصاف کی جدوجہد کرتے کرتے اس دنیا سے جاؤں گا اور میری آئندہ نسلیں بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف مانگیں گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق طاہر القادری نے کہا ہے کہ ملک میں رول آف لا ہوتا تو شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا 3 سال بعد بھی انصاف سے محروم نہ ہوتے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو ریمنڈ ڈیوس نہیں بننے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چینی اور سموسوں کی قیمتوں پر سوموٹو ہوئے مگر کسی کو 100 لوگوں کو گولیاں مارنا نظر نہ آیا۔ ملک میں پارلیمنٹ کو بے آواز کر دیا گیا ،اداروں کی عزت رول آف لاء  سے ہوتی ہے۔ آخری سانس تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کے شہدا کا انصاف مانگیں گے۔کبھی بھی سرنڈر نہیں کریں گے۔

شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یاد میں منعقدہ تقریب سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر الزمان کائرہ، میاں منظور احمد وٹو، اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، فردوس عاشق اعوان، خرم نواز گنڈا پور، رفیق نجم نے خطاب کیا۔

پیپلز پارٹی کے قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاکو سلام پیش کرتے ہیں جو ڈٹ کر ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دے رہے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری کی ظلم کیخلاف سیاسی جدوجہد بڑی طویل ہے، میاں منظور احمد وٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے حق میں پاکستان کی ہر سیاسی جماعت ،مکتب فکر اور دانشوروں نے احتجاج کیا پھر بھی انصاف کا نہ ملنا المیہ ہے۔

پی ٹی آئی کے میاں محمود الرشید نے کہاکہ میاں شہباز شیرف اور رانا ثناء اللہ سونے کیلیے نیند کی گولیاں کھاتے ہیں مگر بے گناہوں کا خون انہیں سونے نہیں دیتا، اعجاز چوہدری نے اپنے خطاب میں کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظالم سیاہ باب ہیں۔میں انصاف کیلیے اپنی جان دینے کیلیے بھی تیار ہوں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام کا ماڈریٹ ویثرن دیا۔

تقریب کے اختتام پر تمام رہنماؤں نے ڈاکٹر طاہر القادری اور شہدا کے ورثا کے ہمراہ یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور دعائے مغفرت کی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری