پاکستان چین اور روس کیساتھ تعلقات مزید بڑھانے کا خواہاں


پاکستان چین اور روس کیساتھ تعلقات مزید بڑھانے کا خواہاں

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات کی بہتری کا عندیہ دیا اور کہا کہ اسلام آباد زیادہ تعلق چین اور روس کے ساتھ رکھنے کا خواہاں ہے یہ دو ممالک خطے میں تیزی کیساتھ ترقی لارہے ہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق لاہور میں گورنمنٹ اسلامیہ کالج کی 125 سالہ تقریبات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کے بھارت سے تعلقات کا مطلب یہ نہیں کہ امریکہ پاکستان سے تعلقات نہیں چاہتا، پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر ہوں گے۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے کہا کہ ہم زیادہ تعلق چین اور روس سے رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ اس خطے میں ترقی لا رہے ہیں، ون بیلٹ ون روڈ کا تصور بہت وسیع ہے، پاکستان سی پیک سے معاشی حب بن سکتا ہے، سی پیک کسی کے خلاف نہیں ہے بلکہ یہ ترقی کا راستہ ہے، بھارت سی پیک سے باہر رہ کر نقصان اٹھا رہاہے ۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ سی پیک سے نہ صرف انفراسٹرکچر بلکہ ثقافت، مواصلات کے شعبوں سمیت دیگر شعبوں سے معیشت بہتر ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری خارجہ پالیسی بہت بہتر ہے اور ہم کسی بھی ملک سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتے ہیں اور اپنے حقوق و مفادات کو مقدم رکھیں گے۔

سزائے موت پانے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ عالمی عدالت نے ہندوستان اور پاکستان کو اس معاملہ میں اپنا جواب تیار کرنے کے لئے تین ماہ دیے ہیں ہم کیس پوری تیاری کے ساتھ پیش کریں گے اور اس کے بعد ان کی حدود کو چیلنج کریں گے۔

ریمنڈ ڈیوس کا واقعہ

سرتاج عزیز نے ریمنڈ ڈیوس کے انکشافات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ واقعے پر اس وقت کی حکومت کا موقف جلد سامنے آئے گا تاہم نواز شریف اور چوہدری نثار کا بیان اسی وقت آیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات کافی کشیدہ تھے، اسی دوران سلالہ اور دیگر واقعات ہوئے تھے جس کے بعد ہم نہیں چاہتے تھے کہ کسی بھی صورت حالات خراب ہوں لیکن قانون کی خلاف ورزی کسی صورت نہیں کرنی چاہیے تھی۔

انھوں نے کہا کہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت کے بعد چلنے والی مہم پہلے کبھی نہیں چلی ہم مکمل طور پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں، کشمیر کی مہم بہتر طریقے سے چلا رہے ہیں اور اس میں مزید بہتری آئے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری