افغانستان کیلئے پاکستان کے نئے سفیر نے اشرف غنی کو اپنے کوائف پیش کردیے


افغانستان کیلئے پاکستان کے نئے سفیر نے اشرف غنی کو اپنے کوائف پیش کردیے

افغانستان میں پاکستان کے نئے سفیر کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں زاہد نصراللہ نے اپنے کوائف صدر اشرف غنی کو پیش کردیے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارت خانےسے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ کابل میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پاکستانی سفیر زاہد نصراللہ نے اپنے کوائف صدر اشرف غنی کو پیش کردیے۔

تقریب میں  انھوں نے افغان صدر کو پاکستان کے وزیراعظم اور صدر کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔

زاہد نصراللہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے افغان صدر کو وژن سے آگاہ کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہرمیدان میں دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔

یاد رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے ملک کے خلاف ’غیر اعلانیہ جنگ‘ مسلط کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان کو اس بات پر کس طرح قائل کیا جاسکتا ہے کہ ایک مستحکم افغانستان ان کو اور خطے کو مدد فراہم کرے گا‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ رہا ہے جبکہ افغان صدر نے گزشتہ ماہ کابل میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے بعد منعقدہ کانفرنس میں پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات عائد کیے تھے۔

جبکہ پاکستان نے افغانستان صدر کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے جانے والے الزامات کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے افغانستان پر زور دیا تھا کہ وہ پاکستان پر الزامات عائد کرنے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکے اور حقیقی مسائل کا ادراک کرے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری