آیت اللہ خامنہ ای کی پالیسی واضح اور اصولی ہے/ کشمیر ہر مظلوم مسلمان کی آواز ہے


آیت اللہ خامنہ ای کی پالیسی واضح اور اصولی ہے/ کشمیر ہر مظلوم مسلمان کی آواز ہے

اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے صدر نے اس بیان کیساتھ کہ کشمیریوں کا خون رائیگان نہیں جائیگا، کہا: "اسلامی ممالک میں صرف آیت اللہ خامنہ ای کی پالیسی واضح اور اصولی ہے، کشمیر ہر مظلوم مسلمان کی آواز ہے۔"

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مرکزی سیکریٹریٹ المہدی سینٹرجامشورو سے جاری اپنے بیان میں اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر فضل حسین اصغری نے شہید برہان وانی کی پہلی برسی کے موقع  شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت سے کشمیریوں کی جدوجہد نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔

میڈیا نمائندوں کوخصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ ہمیں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں ان قربانیوں پر فخر ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں، مسئلہ کشمیر کو کشمیری مسلمانوں کے امنگوں کےمطابق حل کرنا ہوگا۔ کشمیر میں شہداء نے لازوال قربانیاں دیں اور وہ وقت دور نہیں کہ جب کشمیر عوام کو ان کی منزل ملے، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں کی آواز کو طاقت کے زور پر دبانے کی کوشش کی گئی، ان کی آواز پہلے سے بڑھ کر بلند ہوئی۔

مرکزی صدر نے کہا کہ بھارت جتنا ظلم مرضی کر لے، جتنی طاقت مرضی استعمال کر لے، مگر وہ وقت دور نہیں کہ جب اس کی طاقت اور زبردستی ایک طرف رہے گی اور کشمیر کشمیریوں کا ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صدی مسلمانوں کی فتح اور طاغوت کی شکست کی صدی ہے۔ عالم اسلام کو اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشمیر جیسے بڑے ہدف کے لئے اپنے اختلافات کو بھلانا ہوگا تاکہ کشمیر کے مسئلہ کو حل کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلہ کو جان بوجھ کر فراموش کیا گیا تاکہ سامراجی قوتیں اس سے فائدہ حاصل کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک میں صرف آیت اللہ خامنہ ای کی پالیسی واضح اور اصولی ہے کشمیر ہر مظلوم مسلمان کی آواز ہے، ہر ایک کو کشمیر کے مسئلہ کے لئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے اور نواز حکومت مسئلہ کشمیر پر دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے میں اپنا کردار اد کرے، حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کو اپنی ترجیحات میں رکھے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری