چین نے اپنے شہریوں کو خبردار کر دیا، بلا ضرورت بھارت کا سفر نہ کریں


چین نے اپنے شہریوں کو خبردار کر دیا، بلا ضرورت بھارت کا سفر نہ کریں

بھارت کے ساتھ سرحد پر کشیدگی کے پیش نظر چین نے اپنے شہریوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ بھارت کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں اور وہاں قیام پذیر باشندے محتاط رہیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے ایک ہدایات نامہ جاری کی ہیں جس میں بھارت میں موجود چینی شہریوں کو محتاط رہنے اور سیکورٹی صورتحال سے آگاہ رہنے کا کہا گیا ہے۔

ایڈوائزری میں چینی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ بھارت جانے کا ارادہ رکھتے ہیں یا بھارت میں موجود ہیں تو احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

چینی وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ محض ہدایات ہیں کوئی الرٹ نہیں، البتہ یہ نہیں بتایا گیا کہ ایڈوائزری اور الرٹ میں کیا فرق ہوتا ہے تاہم عام طور پر یہی خیال کیا جاتا ہے کہ الرٹ کے مقابلے میں ایڈوائزری کی سنگینی کم ہوتی ہے۔

پانچ جولائی کو چین نے اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ وہ اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کرنے پر غور کررہا ہے تاہم اس کا فیصلہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارت اور چین کے فوجیوں کے درمیان سکم کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے اور چین نے بھارتی فوجیوں پر دراندازی کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت دراندازی اور چھیڑ چھاڑ سے باز نہ آیا تو چین ریاست سکم کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کر سکتا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری