اسرائیلی کیوسٹ کو سیمی فائنل میں مات دے کر پاکستانی نوجوان نے فائنل بھی اپنے نام کر لیا


اسرائیلی کیوسٹ کو سیمی فائنل میں مات دے کر پاکستانی نوجوان نے فائنل بھی اپنے نام کر لیا

انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن ورلڈ انڈر 18 اسنوکر چیمپین شپ کے سیمی فائنل میں اسرائیلی کھلاڑی کو مات دے کر جگہ بنانے والے پاکستان کے نسیم اختر نے فائنل بھی 9 فریم پر 3-5 سے جیت لیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں نسیم اختر کا مقابلہ میزبان کیوسٹ پی فن لی سے تھا۔

چینی کیوسٹ نے کھیل کا اچھا آغاز کرتے ہوئے پاکستانی حریف کے لیے مشکلات کھڑی کیں لیکن نسیم اختر نے شاندار انداز میں کھیل میں واپسی کی۔

ساہیوال سے تعلق رکھنے والے نسیم اختر نے 9فریم پر مشتمل فائنل میچ میں 3-5 سے کامیابی سمیٹ کر پاکستان کو اسنوکر میں ایک بڑا اعزاز دلا دیا۔

ٹورنامنٹ میں کامیابی کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نسیم اختر نے اپنے ویڈیو پیغام میں اسنوکر ایسوسی ایشن اور پاکستانی عوام کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ نسیم اختر پہلے پاکستانی ہیں جس نے جونیئرٹائٹل جیت لیا ہے۔

یاد رہے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں نسیم اختر نے اسرائیلی کیوسٹ کو آوٹ کلاس کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

پاکستان کے محمد سجاد نے گزشتہ ہفتے سِکس ریڈ بال اسنوکر میں ایشین چیمپین بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کرغیزستان میں کھیلے گئے ایشین اسنوکر چمپیئن شپ کے فائنل میں محمد سجاد نے ہانگ کانگ کے لی چن وائی کوباآسانی 7-0 کے اسکور سے شکست دی تھی۔

پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر کے صدر منور شیخ کا کہنا ہے کہ اسنوکر صحیح راستے پر گامزن ہے اور اس طرح کی کامیابیوں سے پاکستان اسنوکر کو مزید ترقی ملے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری