بھارت کا نہتے کشمیریوں پر مظالم بدستور جاری، بڈگام میں مزید 3شہری شہید


بھارت کا نہتے کشمیریوں پر مظالم بدستور جاری، بڈگام میں مزید 3شہری شہید

مودی سرکار کی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم بدستور جاری ہیں تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بڈگام میں بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے مزید تین کشمیریوں کو شہید کردیا ہے جبکہ سرچ آپریشن کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی کے لئے کشمیریوں کیجانب سے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں کیخلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جارہا ہے۔

سرچ آپریشن کے بہانے متعدد کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا، مختلف علاقوں کی ناکہ بندی کرکے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔

مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اورموبائل سروس بدستور بند ہے، مختلف علاقوں میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج جاری ہے، بھارتی مظالم کے خلاف اور شہدا سے اظہار یکجہتی کے لئے حریت رہنماؤں کی اپیل پر کل مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہوگی۔

یاد رہے کہ  مقبوضہ کشمیر میں نوجوان حریت لیڈر برہان وانی کی برسی کے روز سے نئے سرے شروع ہونے والی بھارتی فورسز کی ظالمانہ کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ گذشتہ روز نوگام کے علاقے میں بھارتی فوج نے 3 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

بھارتی فوج نے سری نگر کے پنتھا چوک پر مظاہرین پر آنسو گیس کی بدترین شیلنگ کی جس سے دو خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے بھارتی تشدد کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں شریک افراد نے جموں سری نگر ہائی وے بند کر دی تھی۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری