امریکہ کی بیان بازیوں کا جواب میدان عمل میں دیں گے


امریکہ کی بیان بازیوں کا جواب میدان عمل میں دیں گے

ایرانی مسلح افواج کے ترجمان نے امریکی عہدیداروں کے حالیہ بیانات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکی عہدیداروں کے بیانات کا جواب اپنے عملی اقدامات سے دیں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مسلح افواج کے سینیئر ترجمان جنرل سید مسعود جزائری نے امریکی عہدیداروں کے حالیہ بیانات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ وہ بچگانہ طریقے سے جب چاہیں ایران کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار کر دیتے ہیں اور ایران بھی اپنی اعلان شدہ پالیسی کے تحت خطے سے غیروں کو نکال باہر کرنے کے عہد پر کام کر رہا ہے اور اس ہدف کی تکمیل کی خاطر ذرا بھی شک و شبے میں مبتلا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی ںظام حکومت کو بدلنے پر مبنی امریکہ کا مضحکہ خیز بیان دیوانے کے خواب نیز ہذیان اور بیہودہ بکواس سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا اور ہمیں ان کی اس مصروفیت سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

مسلح افواج کے ترجمان نے امریکی عہدیداروں کے نظام اسلامی میں تبدیلی لانے کے حالیہ بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ کی بیان بازیوں کا جواب میدان عمل میں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ملک اپنی عوام اور انقلابی فضا میں پروان چڑھے، ان پر بھروسہ اور اعتماد کرتا ہو اور انہی کے سہارے ہو، وہ دشمن کی نفسیاتی جنگ اور بیہودہ تبلیغات کے زیر اثر نہیں رہتا۔

انہوں نے امریکہ کی جانب سے عائد پابندیوں کے بارے میں کہا کہ ہماری منصوبہ بندی سے امریکہ کو حد سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری