قطری میڈیا کو متحدہ عرب امارات نے ہیک کیا تھا، امریکی عہدیدار


قطری میڈیا کو متحدہ عرب امارات نے ہیک کیا تھا، امریکی عہدیدار

امریکی عہدیداروں نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے قطر کے سرکاری چینل کو ہیک کر لیا تھا تاکہ امیر قطر پر جھوٹے الزامات عائد کی جا سکیں۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکہ کی قومی سلامتی سے وابستہ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے قطر کی سرکاری سائٹ اور میڈیا کو ہیک کر لیا تھا تاکہ جھوٹی اور جعلی باتوں کو امیر قطر سے منسوب کیا جا سکے۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے منسوب کئے گئے بیانات میں عرب حکومتوں پر تنقید اور ایران کے ساتھ بڑھتے روابط کا دفاع کیا گیا تھا جبکہ دوحہ نے فورا اعلان کیا تھا کہ اس کی سرکاری سائٹ اور میڈیا چینل کو ہیک کر لیا گیا ہے۔

قطر کے اس اعلان کے بعد بھی سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے میڈیا نے قطر اور اس کے امیر کے خلاف خبروں کا بازار گرم رکھا۔

ان باتوں کے کچھ عرصے بعد ہی سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین و مصر نے قطر سے اپنے روابط منقطع کرتے ہوئے رابطہ بحالی کے لئے مختلف شرائط پیش کئے تھے۔ قطر پر ہونے والے سائبر حملوں کی جانچ کے لئے ایف بی آئی کی ایک ٹیم نے قطر کا دورہ کیا اور تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ سائبر حملے امارات کی طرف سے ہوئے ہیں لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ ان حملوں میں خود حکومت ملوث ہے یا اس کے لئے کسی گروہ نے پیسے دئے ہیں۔

دوسری طرف واشنگٹن میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العطیہ نے کہا ہے کہ یہ رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے۔ سچائی یہی ہے کہ قطر دہشت گردی اور متعصب تنظیموں جیسے حماس، طالبان اور قذافی کا حامی ہے اور ان کو مالی امداد فراہم کرتا ہے اور اپنے پڑوسی ممالک کی سلامتی اور امن و امان کے لئے خطرہ بنتا ہے۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب امریکی میڈیا نے قطر پر سائبر حملوں کا تذکرہ کیا ہے جبکہ اس سے پہلے سی این این نے کہا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ قطر کی سرکاری نیوز ایجنسی اور سائٹس پر یہ جھوٹی خبریں روسی ہیکروں نے نشر کی ہیں۔ البتہ روس نے اسی وقت ان الزامات کی تردید کر دی تھی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری