پاکستان کی کمسن طالبہ نے تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کردیا


پاکستان کی کمسن طالبہ نے تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کردیا

تھائی لینڈ میں بین الاقوامی کیمسٹری مقابلے میں کراچی سے تعلق رکھنے والی ماہا ایوب نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا،پاکستانی طلبہ کا 75 سے زائد ممالک کے طلبا و طالبات کے مقابلے کامیاب ہونا حیران کن بات ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والی اے ۔ لیول کی طالبہ ماہا ایوب نے پاکستان کے لیے یہ تمغہ تھائی لینڈ کے شہر نخون پوموم میں منعقدہ 49ویں انٹرنیشنل کیمسٹری اولمپیڈ (آئی سی ایچ او) میں حاصل کیا۔ مقابلے میں امریکا، چین اور روس سمیت 75 سے زائد ممالک کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا جبکہ یہ مقابلہ 6 سے 15 جولائی کے درمیان ہوا جس کے بعداس کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران 19 سالہ ماہا ایوب کا کہنا تھا کہ ’بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے فخر کرنے سے کم نہیں، جبکہ دنیا کے چند بڑے ممالک کے لوگوں کے سامنے اپنے ملک کا پرچم تھامنے کا احساس ناقابل بیان ہے۔‘

دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 297 طلبا و طالبات سے مقابلے کے لیے پاکستان کی دو ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جن میں سے 4 طلبہ پر مشتمل ایک ٹیم نے کیمسٹری اور 5 طلبہ پر مشتمل دوسری ٹیم نے فزکس کے مقابلے میں حصہ لیا، جس کا انعقاد انڈونیشیا کے شہر یوگاکارٹا میں ہوا۔

ماہا ایوب نے کہا کہ 10 گھنٹے کے طویل وقت تک جاری رہنے والا یہ مقابلہ بہت سخت تھا، جو 5، 5 گھنٹے کے پریکٹیکل اور تھیوریٹیکل امتحانات پر مشتمل تھا۔

طلبا کو ملک کے تمام بڑے شہروں میں اسکریننگ ٹیسٹ کے بعد ’ایس ٹی ای ایم‘ کیریئر پروگرام کے تحت منتخب کیا گیا تھا۔

ہر مقابلے کے ٹاپ 50 طلبہ کو ان مضامین کی ٹریننگ کے لیے منتخب کیا گیا، جنہیں تین ہفتے ٹریننگ کیمپ میں گزارنے کے بعد مزید شارٹ لسٹ کیا گیا اور آخر میں بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے دو ٹیمیں منتخب کی گئیں۔

ماہا ایوب نے مزید کہا کہ اس مقابلے کے ذریعے ہمیں دنیا بھر کے کئی طلبا سے میل جوڑ بڑھانے کا موقع ملا، جس سے ہمیں عالمی حاضرین کے سامنے پاکستان کا مثبت تاثر پیش کرنے میں مدد ملی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری