بلوچستان: نامعلوم افراد کی فائرنگ،2 ایف سی اہلکار شہید


بلوچستان: نامعلوم افراد کی فائرنگ،2 ایف سی اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع چاغی کے آر سی ڈی ہائی وے پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق کوئٹہ میں دالبندین آر سی ڈی شاہراہ پر پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے براہ راست فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں اہلکارموقع پر ہی شہید ہو گئے۔

شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے خون زیادہ بہہ جانے کو موت کی وجہ قرار دیتے ہوئے دونوں اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور دہرے قتل کی واردات سے متعلق ابتدائی شوہد جمع کر کے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد دونوں اہلکاروں کی میتوں کو اہل خانہ کے حوالے کردیا جائے گا جب کہ پولیس لائن میں شہداء کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی جہاں اعلیٰ پولیس حکام شرکت کریں گے جب کہ شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ابتدائی طور پر حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری