اہلسنت علماء کے زیراہتمام اسلام آباد میں تکفیری فتنے کے خلاف کانفرنس کا انعقاد


اہلسنت علماء کے زیراہتمام اسلام آباد میں تکفیری فتنے کے خلاف کانفرنس کا انعقاد

مسلم انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کے پرنسپل کی زیر صدارت نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام شہید پاکستان اور فتنہ تکفیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں اہلسنت کے جید علماء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکہ و اسرائیل کی سرپرستی اور بعض عرب ممالک کے تعاون سے وجود میں آنے والے نظریہ تکفیریت نے آج دنیا بھر کی مسلم ریاستوں اور مسلمانوں کو اپنے لپیٹ میں لے لیا ہے۔ پاکستان میں گزشتہ طویل مدت سے جاری دہشت گردی اور انتہا پسندی بھی تکفیریت کا نتیجہ ہے جسے سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان میں فروغ دیا گیا۔

مسلم انسٹیٹیوٹ اسلام آباد کے پرنسپل طاہر زادہ سلطان احمد کی زیر صدارت نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام شہید پاکستان اور فتنہ تکفیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اہل حرم پاکستان کے مفتی گلزار احمد نعیمی اور دیگر مقررین نے مرکزی مدرسہ نعیمیہ لاہور کے سابق پرنسپل ڈاکٹر مفتی سرفراز احمد نعیمی شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ ڈاکٹر سرفراز احمد نعیمی نے سب سے پہلے پاکستان میں تکفیریت کے خلاف آواز اٹھائی اور خودکش حملوں کو حرام قرار دیا جس کی وجہ سے شدت پسند تکفیری عناصر نے انہیں 2009 میں خودکش حملے میں شہید کر دیا۔

مقررین کا مزید کہنا ہے کہ تکفیریت اور انتہا پسندی نے بالخصوص پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جبکہ دنیا بھر میں امت مسلمہ میں انتشار و اختلاف پھیلا رہی ہے۔ تکفیریت عالمی سامراجی قوتوں کی ضرورت اور صہیونی ایجنڈا ہے جسے امت مسلمہ میں فتنہ و فساد کے لئے وجود میں لایا گیا ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری