الجبیر: قطر کا حج پر بین الاقوامی نظارت کا مطالبہ ہمارے خلاف اعلان جنگ ہے


الجبیر: قطر کا حج پر بین الاقوامی نظارت کا مطالبہ ہمارے خلاف اعلان جنگ ہے

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے حج پر بین الاقوامی نظارت کی قطری مطالبے کو سعودی عرب کے خلاف اعلان جنگ سے تعبیر کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ حج پر بین الاقوامی نظارت کے حوالے سے قطر کا مطالبہ ریاض کے خلاف اعلان جنگ کے مترادف ہے۔

انہوں نے منامہ میں سعودی اتحاد کے وزرائے خارجہ کی نشست کے بعد الحدث اور العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مناسک حج کو سیاسی رنگ دینے والوں کے خلاف ردعمل کا ہمارا حق محفوظ ہے۔

حقوق انسانی کمیشن قطر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے سعودی عرب پر مناسک حج کو سیاسی رنگ دینے اور اسے سیاسی آلہ کار کے طور پر استعمال کرنے کی سعودی حرکتوں پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

علی بن صمیخ المری نے اقوام متحدہ کے مسئول برائے امور آزادی دین اور عقیدہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب نے قطری حجاج پر پابندیاں لگا کر انسانیت کو آزادی مذہب اور عقائد کے حوالے سے بین الاقوامی قانون کو پامال کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سعودی حکام اس مشکل کو دور کرنے کی کوئی تدبیر نہیں کرتے تو قطر اس معاملے کی شکایت متعلقہ عالمی اداروں میں کرے گا۔

یاد رہے کہ مصر، بحرین، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت جیسے کئی الزامات لگاتے ہوئے اس سے اپنے سفارتی تعلقات ختم کر لئے تھے نیز تعلقات کی بحالی کے لئے کئی شرائط بھی پیش کی تھیں جسے قطر نے مسترد کر دیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری