عشرہ کرامت کی مناسبت سے اسلام آباد میں سیمینار + تصاویر

عشرہ کرامت کی مناسبت سے اسلام آباد میں سیمینار + تصاویر

صدر آزاد جموں و کشمیر کی زیر صدارت مشہد مقدس کا انتخاب بطور دنیائے اسلام کا ثقافتی دارالخلافہ 2017ء اور ولادت باسعادت حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے بابرکت ایام کی مناسبت سے "سیرت حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور عہد حاضر کے تقاضے" کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق عشرہ کرامت اور مشہد مقدس کا انتخاب بطور دنیائے اسلام کا ثقافتی دارالخلافہ 2017ء اور ولادت باسعادت حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے بابرکت ایام کی مناسبت سے ثقافتی قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران اسلام آباد و رضویہ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے "سیرت حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور عہد حاضر کے تقاضے" کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سردار مسعود خان، صدر آزاد جموں و کشمیر نے کی۔

اس سیمینار میں ممتاز مذہبی اسکالرز نے امام علی رضا علیہ السلام کی سیرت مبارکہ پر روشنی ڈالی، اور امام علیہ السلام کی تعلیمات کو عام کرنے پر زور دیا۔

صدر آزاد جموں و کشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیمینار کی بدولت امام رضا علیہ السلام کی تعلیمات سے آشنائی کا موقع ملا۔ مسلمان امام رضا علیہ السلام کی تعلیمات کو مشعل راہ بنائیں۔ آج مسلم دست بہ گریباں ہیں۔ اس بڑھتے خلفشار میں مسلمانوں کے قصور کے ساتھ ساتھ بیرونی ہاتھ بھی کارفرما ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج فرقوں سے نکل کر بکھرے شیرازہ کو مجتمع کرنے کی ضرورت ہے۔ اتحاد کے لئے مکالمے کی ضرورت ہے۔ وہ لوگ جو مکالمے کی بجائے بندوق اٹھاتے ہیں، وہ امت مسلمہ سے نہیں ہیں۔

صدر آزاد جموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ آج بھی کشمیر کے کوچہ و بازار اور پہاڑوں ، مرغزاروں سے یہی آواز بلند ہو رہی ہے کہ جاو ہندوستان چلے جاو۔ اقوام متحدہ اور طاقتور اقوام خاموش ہیں، چونکہ ان کا ہندوستان سے منفعت اور مصلحت کا رشتہ ہے۔

تقریب سے خانم طیبہ بخاری، علامہ افتخار نقوی، ثاقب اکبر، ڈاکٹر حسنین نادر، علامہ حیدر علوی، علامہ گلزار نعیمی اور دیگر نے خطاب کیا۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری