لاہورکو بڑی تباہی سے بچانےکا دعویٰ، 4 ٹی ٹی پی دہشت گرد ہلاک


لاہورکو بڑی تباہی سے بچانےکا دعویٰ، 4 ٹی ٹی پی دہشت گرد ہلاک

پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ایک مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 4 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرکے لاہور کو بڑی تباہی سے بچانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات شیخوپورہ سے آئے مشتبہ دہشت گردوں نے سگیاں پل پر موجود پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، جس کی اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی ٹیم موقع پر پہنچی اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ٹی ٹی پی کے 4 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر ان کے دیگر 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ہدف پولیس اہلکار تھے، جن سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ واقعے کی تفتیش اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے چھاپوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا۔

سی ٹی ڈی نے یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی ہے جب گذشتہ روز لاہور کے آؤٹ فال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 46 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل بھی پنجاب میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران خفیہ معلومات پر کی جانے والی کارروائیوں اور کومبنگ آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

رواں سال اپریل میں بھی سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 8 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل مارچ میں سی ٹی ڈی نے گجرات میں مقابلے کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

رواں سال فروری میں بھی پولیس کے محکمہ سی ٹی ڈی نے پنجاب کے علاقے اندرنالہ شرقپور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اس سے قبل جنوری میں سی ٹی ڈی نے شیخوپورہ میں کارروائی کے دوران 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاککرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

سی ٹی ڈی نے گذشتہ سال بھی پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت دیگر شہروں میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری