اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر "نااہل" ہوا ہوں، سابق وزیراعظم


اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر "نااہل" ہوا ہوں، سابق وزیراعظم

سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد سبکدوش ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف نے راولپنڈی کے کمیٹی چوک پر کنٹینر سے خطاب کیا

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق راولپنڈی کے کمیٹی چوک پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کر کے عوام کے ووٹ کی توہین کی گئی جبکہ کروڑوں لوگ وزیر اعظم منتخب کرتے ہیں اور چند لوگ اسے فارغ کردیتے ہیں۔

راولپنڈی کے کمیٹی چوک پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ راولپنڈی والے انقلاب کا نمونہ پیش کر رہے ہیں، عوام کی آج جیسی محبت پہلے نہیں دیکھی، لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ راولپنڈی ان کا شہر ہے لیکن دراصل یہ مسلم لیگ (ن) کا شہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کروڑوں لوگ وزیراعظم منتخب کرتے ہیں اور چند لوگ ختم کردیتے ہیں، مجھے تیسری بار حکومت سے نکالا گیا، میں سوال کرتا ہوں کہ کیا نواز شریف نے قومی خزانہ لوٹا، اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے فارغ کر دیا گیا، ہمیں کس بات کی سزا دی جارہی ہے؟ کیا یہ آپ کے ووٹ کی توہین نہیں؟ عوام نے نواز شریف کے خلاف فیصلہ قبول نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا ملک میں کبھی ووٹوں کی عزت کی جائے گی؟ نواز شریف نے کبھی کک بیک اور کمیشن نہیں لیا لیکن اس کے باوجود پہلی بار گھر بھیجا گیا اور دوسری مرتبہ ہتھکڑی لگادی گئیں، ملک میں 70 برسوں سے کسی وزیر اعظم نے اپنی مدت پوری نہیں کی، مجھے حکومت کا لالچ نہیں لیکن عوام کی مینڈیٹ کی توہین نہیں ہونے دینی۔

نواز شریف نے کہا کہ (ن) لیگ نے ملک سے دہشت گردی کو ختم کیا، پاکستان کے نوجوانوں کو روزگار مل رہا تھا، ہمارے آنے سے پہلے ملک میں اندھیرے تھے لیکن ہم نے 2، 2 سال کے اندر بجلی کے کارخانے لگائے، پاکستان ترقی اور بلندی پر جارہا تھا لیکن اب یہ پیچے کی طرف جارہا ہے جبکہ وزیر اعظم کو گھر نہیں بھیجا جاتا تو ملک سے بے روزگاری ختم ہوجاتی۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین ہمارے خلاف مسلسل سازشیں کر رہے ہیں، جب تک عوام کے مینڈیٹ کا احترام نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرے گا، آج عوام اپنے ووٹوں کا تقدس قائم رکھنے کا وعدہ کریں، وعدہ کریں کہ وہ اپنے مینڈیٹ پر شب خون مارنے نہیں دیں گے، عوام وعدہ کریں کہ وہ اپنے وزیر اعظم کی تذلیل نہیں ہونے دیں گے، جبکہ میں اقتدار کی لالچ کے بغیر عوام کے ساتھ چلنے اور رہنمائی کا وعدہ کرتا ہوں۔

سابق وزیر اعظم نے ریلی کے دوران میڈیا ٹیموں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے خلاف کارروائی مناسب نہیں ہے، یہ ہمارا شیوہ نہیں ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری