کمسن بچے کی ہلاکت؛ نوازشریف کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر


کمسن بچے کی ہلاکت؛ نوازشریف کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

عدلیہ مخالف تقاریر کے الزام اور جی ٹی روڈ ریلی کے دوران گاڑی کے نیچے آکر جاں بحق ہونے والے بچے کے قتل کامقدمہ سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کے خلاف درج کرانے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں شہری محمود اختر کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ سپریم کورٹ کے 5 رکنی بنچ میں شامل معزز ججز کو میاں محمد نوازشریف توہین آمیز الفاظ استعمال کرکے پکار رہے ہیں اور فیصلے پر تنقید کرنے کے بجائے سپریم کورٹ پر تنقید کررہے ہیں جو توہین عدالت کے مترادف ہے۔

میاں محمدنواز شریف نے نااہلی کو سازش قرار دے کر سپریم کورٹ کو سازش کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے جو عدلیہ کی تضحیک کے مترادف ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ریلی میں موجود گاڑی کی ٹکر سے 12سالہ بچہ بھی جاں بحق ہوا ہے جس کے ذمہ دار میاں محمدنواز شریف ہیں، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدلیہ مخالف تقاریر کرنے پر میاں محمدنواز شریف کے خلاف کارروائی کی جائے اور جاں بحق ہونے والے بچے کے قتل کا مقدمہ نواز شریف کے خلاف درج کیا جائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری