امریکی پابندیوں کے جاری رہنے کی صورت میں ایران جوہری معاہدے سے نکل سکتا ہے، صدر روحانی


امریکی پابندیوں کے جاری رہنے کی صورت میں ایران جوہری معاہدے سے نکل سکتا ہے، صدر روحانی

ایرانی پارلیمنٹ کے بارہویں کابینہ کے وزراء کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لئے منعقدہ اجلاس میں صدر روحانی کا کہنا تھا کہ جوہری معاہدہ نہ تو دنیا کے لئے کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی یہ عالمی قوتوں کے سامنے سر جھکانے کی علامت ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی کی موجودگی میں ایرانی پارلیمنٹ میں بارہویں کابینہ کے وزراء کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے صدرمملکت نے خطاب کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا کہ امریکی پابندیوں کے جاری رہنے کی صورت میں ایران جوہری معاہدے سے نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے حقوق کی پاسداری ہماری ذمہ داری ہے۔

صدر مملکت نےکہا کہ جوہری معاہدہ نہ تو دنیا کے لئے کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی یہ عالمی قوتوں کے سامنے سر جھکانے کی نشانی ہے بلکہ یہ ایسا سمجھوتہ ہے جس میں تمام فریق فاتح ہیں اور اس سے دنیا کے ساتھ باہمی اعتماد اور تعلقات کی بحالی کے لئے راہ ہموار ہوگئی.

صدر روحانی نے کہا کہ ہم ملک کی سلامتی اور ترقی کے لئے مل کر کام کریں گے.

انہوں نے کہا کہ ملک کی خودمختاری، امن، سلامتی اور ترقی ان کی حکومت کی چارسالہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے لہذا اپنے اہداف کے حصول کے لئے ملک کے تمام ماہرین، عمائدین، رہنماوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہم وطنوں کی خدمات سے استفادہ کریں گے.

صدرمملکت کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے وطن عزیز ایران گزشتہ چند سالوں کے مقابلے میں مزید مضبوط بن گیا اور اب دنیا میں کوئی ایران کو تنہا کرنے اور ہم ہر دباؤ ڈالنے کی دھمکی نہیں دے سکتا.

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم کی عزت کی پاسداری کی بنیاد پر دنیا کے ساتھ تعلقات کی بحالی نئی حکومت کی خارجہ پالیسی کا اہم جز ہے.

صدر روحانی نے کہا کہ جو لوگ اب بھی پابندیوں اور دھمکیوں کی زبان استعمال کرتے ہیں وہ ات کی دنیا میں رہ رہے ہیں۔

ایران کے صدر نے خطے کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ ہم پُرامن اور طاقتور خطے کے خواہاں ہے اور ہماری نظر میں علاقائی مسائل کا حل صرف علاقائی ممالک کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

واضح رہے کہ حکومت اور اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے نامزد وزرا کی اہلیت کی جانچ پڑتال کے بعد انھیں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔

صدر روحانی کی نئی کابینہ کے لئے نامزد وزراء کے نام مندرجہ ذیل ہیں:

وزیر خزانہ: ڈاکٹر مسعود کرباسیان

وزیر انٹیلیجنس: ڈاکٹر سید محمود علوی

وزیر خارجہ: ڈاکٹر محمد جواد ظریف

وزیر انفارمیشن اور ٹیکنالوجی: ڈاکٹر محمد جواد آذری جہرمی

وزیر تعلیم: سید محمد بطحایی

وزیر صحت: ڈاکٹر سید حسن قاضی زادہ ہاشمی

وزیر محنت اور سماجی بہبود: ڈاکٹر علی ربیعی

وزیر زراعت: محمود حجتی نجف آبادی

وزیر دفاع: بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی

وزیر انصاف: ڈاکٹر سید علیرضا آوایی

وزیر مواصلات اور شہری ترقی: ڈاکٹر عباس آخوندی

وزیر صنعت، کان کنی اور تجارت: ڈاکٹر محمد شریعتمداری

وزیر ثقافت اور اسلامی گائیدنس: ڈاکٹر سید عباس صالحی

وزیر داخلہ: ڈاکٹر عبدالرضا رحمانی فضلی

وزیر تیل: بیژن نامدار زنگنہ

وزیر توانائی: حبیب اللہ بی طرف

وزیر کھیل اور امور نوجوانان: ڈاکٹر مسعود سلطانی فر

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری