تنظیم المکاتب کشمیر کے اہتمام سے دینی تعلیمی کانفرنسز کا انعقاد + تصاویر

تنظیم المکاتب کشمیر کے اہتمام سے دینی تعلیمی کانفرنسز کا انعقاد + تصاویر

تنظیم المکاتب کشمیر کے زیر اہتمام کانفرنسوں کا آغاز 17 اگست کو ہوا تھا جس میں علماء کرام، شعراء، مفکرین، اسکالروں اور دانشور حضرات کے خطابات کے ساتھ ساتھ کشمیری نونہالوں کے رنگا رنگ تعلیمی مظاہرے بھی دیکھنے کو ملے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق معاون کمیٹی تنظیم المکاتب کشمیر جو تنظیم المکاتب ہند کی زیر نگرانی وادی کشمیر میں دینی اور فلاحی خدمات انجام دے رہی ہے، کے اہتمام سے کشمیر کے مختلف اضلاع میں دینی تعلیمی کانفرنسوں کا انعقاد ہوا جن میں لکھنو ہند سے آئے ہوئے معروف علمائے دین اور شعرائے کرام کے ساتھ ساتھ  وادی کشمیر کےعلماء، مفکریں اور دانشور حضرات نے شرکت کرکے اہلبیت کرام علیہم السلام کی سیرت طیبہ اور ان کے کردار کے گوشوں پر خطابات پیش کئے۔

کانفرنسوں میں تنظیم المکاتب کشمیر سے وابسطہ نونہال بچوں کے دلچسپ اور رنگا رنگ تعلیمی مظاہرے بھی دیکھنے کو ملے۔

کانفرنسوں کا آغاز 17 اگست کو ہوا جو تاحال جاری ہے۔ سب سے پہلی کانفرنس ضلع بانڈی پورہ کے نوگام علاقے میں منعقد ہوئی اس کے بعد شمالی کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے گوم احمد پورہ اور بارہ مولہ کے ہی سلطان پورہ اور سرحدی علاقہ دھنی سیداں اوڈی میں الگ الگ کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا جہاں کثیر تعداد میں تنظیم المکاتب مکاتب امامیہ سے وابسطہ نونہالوں اور ان کے علاوہ عام لوگوں نے شرکت کی۔

وسطی ضلع بڈگام کے گریند اور سرینگر کے بالہامہ علاقوں میں بھی دو کانفرنسیں منعقد ہوئیں جن میں نونہالوں کے علاوہ علمائے کرام، دانشور اور مفکرین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقاریب میں نونہالوں کے مختلف رنگا رنگ جن میں قرآن، احادیث، دعا، عملی مسائل، نظم اور تقاریر وغیرہ کے پروگرام دیکھنے کو ملے وہی دوسری طرف شعرائے کرام جن میں اظہر اعجاز جلالپوری مائل چند دلوی اور رضا مور انوی کے کلام کے ساتھ ساتھ بیرون کشمیر سے آئے ہوئے زعمائے تنظیم المکاتب و علمائے دین جن میں حجتہ الاسلام مولانا سید شمیم الحسن، حجتہ الاسلام مولانا سید صفی حیدر، حجتہ الاسلام مولانا سید صبیح الحسن، حجتہ الاسلام سید جعفر عسکری، حجتہ الاسلام مولانا سید توقیر حسین اور حجتہ الاسلام مولانا اعجاز حسین قابل ذکر ہیں، کے روح پرور خطابات بھی سننے کو ملے۔

واضع رہے معاون کمیٹی تنظیم المکاتب کشمیر ایک دینی و فلاحی ادارہ ہے جو تنظیم المکاتب لکھنو ہند کے زیر نگرانی کشمیر میں اپنے خدمات انجام دے رہا ہے اور ملت تشیع کشمیر کے نونہالوں کو مروجہ تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم و تربیت کا انتظام بھی کررہا ہے۔

تنظیم المکاتب کشمیر کے زیر اہتمام کشمیر کے گوشہ و کنار میں تین سو کے قریب دینی مدرسے رواں دواں ہیں جہاں نونہالوں کو روزانہ دو تین گھنٹوں میں پانچ چھ سال تک دینی تعلیم و تربیت دی جارہی ہے پچھلے کئی دہائیوں سے کشمیر میں تحریک دینداری اور اسلامی بیداری کو گھر گھر پہنچانے کے لئےتنظیم المکاتب کا ایک کلیدی رول رہا ہے جو جاری و ساری ہے۔

واضع رہے تنظیم المکاتب کے شعار میں "اندھیرے کو کوسنے سے بہتر ہے شمع روشن کرنا"  اور "قوم کے ہر فرد کو دیندار بنادو"  وغیرہ شامل ہیں۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری