نواز شریف کے بعد سندھ کے عوام زرداری کیخلاف میرا ساتھ دیں، عمران خان


نواز شریف کے بعد سندھ کے عوام زرداری کیخلاف میرا ساتھ دیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ کے لٹیروں کے سردار سابق صدر آصف زرداری ہیں اور نواز شریف کے بعد سندھ میں بھی ایک شخص کہہ رہا ہوگا کہ مجھے کیوں نکالا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سکھر میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ "میں نے 21 سال پہلے جب سیاست شروع کی تو سندھ کے حالات بہتر تھے لیکن اب دنیا آگے جارہی ہے اور سندھ کے عوام پیچھے رہ گئے ہیں، وقت کے فرعونوں نے سندھ کے عوام پر ظلم کیا اور سندھ کے عوام کا پیسہ چوری ہو کر ملک سے باہر گیا"۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے گاڈ فادر کو اس قوم نے شکست دی، اب سندھ کے عوام نے آصف زرداری کا مقابلہ کرنے کے لیے میرا ساتھ دینا ہے، سندھ کے لٹیروں کے سردار آصف زرداری ہیں اور نواز شریف کے بعد سندھ میں بھی ایک شخص کہہ رہا ہوگا کہ مجھے کیوں نکالا۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’سندھ کے عوام پر لگنے والا پیسہ ملک سے باہر چلا گیا، آصف زرداری نے سرے محل کا پیسہ اپنی جیب میں ڈالا اور جب ملک کا سربراہ پیسہ چوری کرتا ہے تو پورے نظام کو کرپٹ کرتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’سندھ کا سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری ہے کیونکہ سارا پیسہ ملک سے چوری ہو کر باہر جا رہا ہے، بیروزگاری کی وجہ سے نوجوان نشے کے عادی اور جرائم میں مبتلا ہوجاتے ہیں، اب سندھ کے عوام نے کرپٹ مافیا اور ڈاکوؤں سے جنگ کے لیے میرا ساتھ دینا ہوگا اور سندھ کے لوگوں کو جگانے کے لیے دورے کروں گا۔‘

انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’نااہل نواز شریف نے وکلا کے سامنے عدلیہ پر تنقید کی، اقتدار میں آکر نواز شریف اور ان کے خاندان نے پیسہ کمایا اور نواز شریف امیر اور قوم غریب ہوئی، نواز شریف کے پاس دنیا بھر میں جائیدادیں بنانے کے لیے پیسہ کہاں سے آیا؟‘

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ’جھوٹ بول کر کوئی پارلیمنٹ میں نہیں رہ سکتا، نواز شریف نے عدالت کے سامنے جعلی کاغذات دیئے، ادارے مضبوط ہوں تو بمباری بھی کسی قوم کو تباہ نہیں کر سکتی، نواز شریف نے پاکستان کے تمام ادارے تباہ کیے، انہوں نے ہر ادارے میں اپنی مرضی کے لوگوں کو بٹھایا اور اب وہ ملک کو تباہ کرنے کے لیے فوج اور عدلیہ پر الزام تراشی کر رہے ہیں، لیکن انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ پوری قوم فوج اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف خطرناک گیم کھیل رہے ہیں، انہیں جمہوریت کی نہیں اپنے پیسے کی فکر ہے اور وہ اپنے اثاثے بچانے کے لیے اداروں پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف سابق افغان صدر حامد کرزئی بھی بول اٹھے لیکن نواز شریف کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلا، نواز شریف اور آصف زرداری جائیدادیں بچانے کے لیے ٹرمپ کے خلاف نہیں بول رہے جبکہ اگر ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہوتے تو ٹرمپ کی یہ زبان استعمال کرنے کی ہمت نہ ہوتی۔‘

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری