پاکستان؛ مردم شماری کے غیر رسمی نتائج / آبادی 20 کروڑ سے زائد


پاکستان؛ مردم شماری کے غیر رسمی نتائج / آبادی 20 کروڑ سے زائد

اسلامی جمہوری پاکستان میں طویل عرصے کے بعد کی جانے والی مردم شماری کے نتائج سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق ملک کی آبادی 20کروڑ 77لاکھ 74 ہزار 520 نفوس پر مشتمل بتائی جارہی ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ شماریات نے پاکستان کی چھٹی مردم شماری کے عبوری نتائج جاری کردیے جس کے مطابق ملک کی مجموعی آبادی 20کروڑ 77لاکھ 74ہزار 520 نفوس پر مشتمل ہے تاہم اس میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نتائج شامل نہیں ہیں۔

پاکستان بھر کی آباد میں خاطر خواہ افضافہ دیکھنے میں آیا ہے، پنجاب کی آبادی 11 کروڑ سے زائد ہو گئی ہے جبکہ سندھ کی آبادی 4 کروڑ 78 لاکھ 90 ہزارتک پہنچ گئی ہے۔

خیبر پختونخواہ کی آبادی 3 کروڑ 52 لاکھ ، بلوچستان کی آبادی ایک کروڑ 23 لاکھ 40 ہزار ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی زیادہ ترآبادی دہی علاقوں میں رہتی ہے اور سندھ کو سب سے زیادہ شہری آبادی والے صوبے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

خیال رہے کہ شماریات ڈویژن نے تفصیلات مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کردیں ہیں اور مجموعی آبادی میں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نتائج شامل نہیں ہیں۔

شماریات ڈویژن کی جانب سے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں پیش کیے گئے اعداد وشمار کے مطابق 1998 کی مردم شماری کے مقابلے میں 2017 میں آبادی میں 2 اعشاریہ 4 فیصد کی شرح سے 7کروڑ 54 لاکھ 22 ہزار 241 افراد کا اضافہ ہوگیا ہے۔

عبوری نتائج کے مطابق 2017 کی مردم شماری میں 1981 کے مقابلے میں آبادی 146اعشاریہ 6 فیصد بڑھ گئی۔

صوبائی اعتبار سے پنجاب پہلے، سندھ دوسرے، خیبرپختونخوا تیسرے اور بلوچستان چوتھے نمبر پر ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پنجاب اور سندھ میں آبادی کے بڑھوتری میں قومی سطح پر کمی آئی ہے جبکہ  خیبر پختونخوا، بلوچستان اور فاٹا میں قومی سطح پر اضافہ دیکھا گیا۔

تازہ مردم شماری میں اسلام آباد کی آبادی میں بھی کمی دیکھی گئی ہے جو 65اعشاریہ 72فیصد سے کم ہوکر 50اعشاریہ 58فیصد کے ساتھ مجموعی طور پر 20لاکھ رہ گئی ہے جبکہ وفاق کے زیر کنٹرول قبائلی علاقوں(فاٹا)کی آبادی 50 لاکھ ہے۔

پاکستان کی تازہ مردم شماری کے اعداد و شمار میں مردوں کی تعداد 10کروڑ64 لاکھ 49 ہزار 322 ہے، خواتین کی تعداد 10 کروڑ 13 لاکھ 14 ہزار 780 ہے جبکہ خواجہ سراوں کی تعداد 10 ہزار 418 تک پہنچ گئی ہے۔

سندھ کو سب سے زیادہ شہری آبادی والے صوبے کا اعزاز حاصل ہے جہاں صوبے کی مجموعی آبادی کا 52اعشاریہ 2 فیصد شہری آبادی پر مشتمل ہے۔

پاکستان کی شہری آبادی 7 کروڑ55 لاکھ 84 ہزار 989 نفوس پر مشتمل ہے اور دیہی آبادی 13 کروڑ 21 لاکھ 89 ہزار 531 افراد پر مشتمل ہے۔

شماریات ڈویژن کی جانب سے جاری عبوری نتائج میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی آبادی کے نتائج کوشامل نہیں کیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری