پُرامن ریلی پر پولیس کا بیہمانہ لاٹھی چارج ریاستی دہشت گردی ہے، راجہ ناصر عباس


پُرامن ریلی پر پولیس کا بیہمانہ لاٹھی چارج ریاستی دہشت گردی ہے، راجہ ناصر عباس

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ کراچی پولیس کا محب وطن افراد پر لاٹھی چارج ملک دشمن قوتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے آئی ایس او کی امریکہ مردہ باد ریلی پر پولیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی نمائش چورنگی سے نکالی جانے والی پُرامن ریلی پر پولیس کا بیہمانہ لاٹھی چارج ریاستی دہشت گردی ہے۔

وزیر اعلی اور آئی جی سندھ واقعہ کا سخت نوٹس لیں اور ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔

امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی نوجوانان ملت کی حب الوطنی کا اظہار ہے۔ امریکہ نے وطن عزیز پر حملے کی دھمکی دے کر ملت کے ہر فرد کی غیرت و حمیت کو للکارا ہے۔

احتجاجی ریلی نکالنا کسی بھی جماعت کا آئینی حق ہے۔ جسے کوئی نہیں چھین سکتا۔ کراچی پولیس کا محب وطن افراد پر لاٹھی چارج ملک دشمن قوتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ہے۔

پولیس میں موجود ایسی کالی بھیڑوں کی نشاندہی ہونی چاہیے کہ نوجوانوں کی حب الوطنی کے جذبات کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس او ملت کے نوجوانوں کی ایک فعال اور فرض شناس تنظیم ہے جو استحکام پاکستان کے لیے بہترین، بے لوث اور مخلصانہ کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کے کارکنوں کی گرفتاری کراچی پولیس کا اختیارات سے تجاوز اور ملت تشیع کو مشتعل کرنے کی کوشش ہے۔ غیر قانونی ہتکھنڈوں سے ہمیں ڈرایا یا دھمکایا نہیں جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا خیال دل سے نکال دے۔ حکومت حاصل کرنے کے لیے امریکی آشیر باد کی بجائے عوامی طاقت کی ضرورت ہے۔ اگر عوامی حقوق کو اسی طرح پامال کیا جاتا رہا تو پھرپیپلز پارٹی کا سندھ میں نام لینے والا کوئی نہیں رہے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی ایس او کے گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے اور واقعہ کے ذمہ داران پولیس افسران کے خلاف کاروائی کی جائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری