امریکہ افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجنے کا بندوبست کرے، خواجہ آصف


امریکہ افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجنے کا بندوبست کرے، خواجہ آصف

پاکستان کےوزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے افغان مہاجرین کی 30،35 سال خدمت کی ہے اگر امریکہ کو پاکستان پر اعتماد نہیں ہے تو مہاجرین کی واپسی کا بندوبست کرلے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کےوزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ اپنی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش نہ کرے، پاکستان پر 90 فیصد حملے افغانستان سے ہوتےہیں، اگر امریکہ کو پاکستان پر اعتماد نہیں ہے توافغان مہاجرین کی وطن واپسی کا بندوبست کرلے۔

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے امریکی صدر کے حالیہ بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کہ ہم نے اتحادی بن کر بہت زیادہ نقصان اٹھایا اگر امریکا کو ہم پر یقین نہیں تو افغان مہاجرین کی واپسی کا بندوبست کرے اور اپنی 16 سالہ ناکامی کا ملبہ پاکستان پر نہ ڈالے۔

سیالکوٹ میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 2 لاکھ فوجی دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں اور پاک فوج جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہوئے ملک بھر سے دہشت گردی کا صفایا کردیا ہے۔

وزیرخارجہ نے امریکی قیادت کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا: ہم امریکا سے تعلقات برقرار رکھ  کرغلط فہمیاں دور کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان نے امریکا کا اتحادی بن کر بہت زیادہ جانی اور مالی نقصان اٹھایا ہے ایسی حالت میں امریکی قیادت کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات بہایت افسوسناک ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ کو پاکستان پر یقین نہیں تو افغان مہاجرین کو واپس افغانستان بھیجنے کا بندوبست کرے اور اپنی 16 سالہ ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر نہ ڈالے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں کیوں کہ یہ پاکستان کی ضرورت ہے، وہاں کا امن واپس لایا جاسکتا ہے لیکن اس کے لئے امریکا کو پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا اورمسئلے کا حل تلاش کرنا ہوگا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ افغانستان کا40 فیصد حصہ اب بھی طالبان کے قبضے میں ہے اور پاکستان پر 90 فیصد سے زائد حملے افغانستان سے ہی ہوتے ہیں۔

انہوں نے افغان حکومت کی پاکستان مخالف پالیسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افغان فوجی طالبان کو امریکی اسلحہ فراہم کرتے ہیں ہم نے پاک افغان سرحد کو محفوظ بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے لیکن افغانستان نے650 کلومیٹر تک سرحد پرکوئی  چیک پوسٹ تک نہیں بنائی۔

واضح رہے کہ لاکھوں افغان تارکین وطن اس وقت پاکستان کے مختلف شہروں اور دیہی علاقوں میں آباد ہیں، حکومت پاکستان چاہتی ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ افغان مہاجرین اپنے ملک واپس چلے جائیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری