امام خامنہ ای کی روہنگیا مسلمانوں کو نظرانداز کرنے پر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں پر سخت تنقید


امام خامنہ ای کی روہنگیا مسلمانوں کو نظرانداز کرنے پر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں پر سخت تنقید

رہبر معظم انقلاب امام خامنہ ای نے روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و تشدد کے خلاف عالمی برادری کی جانب سے آواز نہ اٹھائے جانے پر شدید تنقید کی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امام خامنہ ای نے میانماری مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے بین الاقوامی انسانی حقوق کے دعویداروں اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں پر شدید تنقید کی ہے۔

امام خامنہ ای نے ایرانی حکام سے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کی حمایت میں جرائت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر اس مسئلے کو اٹھائیں۔
امام خامنہ ای نے میانمار میں فرقہ واریت کو رد کرتے ہوئے کہا کہ میانمار میں کسی قسم کی کوئی فرقہ واریت نہیں ہے بلکہ مسلمانوں کی نسل کشی کے پیچھے سیاسی محرکات ہیں۔

آیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ میانمار میں تشدد کے واقعات کو مسلمان اور بدھ مت کی لڑائی قرار دینے کا تاثر غلط ہے تاہم اس واقعات میں مذہبی منافرت کا امکان ہے مگر اس کا اصل مقصد سیاسی ہے جس کے پیچھے میانمار کی حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی میں امن نوبل انعام یافتہ ایک بے رحم خاتون بھی برابر کی شریک ہے۔

رہبرمعظم کا کہنا ہے کہ میانماری مسلمانوں پر اسلامی ممالک اور عالمی انسانی حقوق کے  جھوٹے علمبرداروں کی آنکھوں کے سامنے ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔

امام خامنہ ای نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا: "انسانی حقوق کے دعویدار کبھی کبھار دنیا میں ایک مجرم کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے واویلا کرکے شور مچاتے ہیں جبکہ میانمار میں دسیوں ہزار بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام کیا جارہاہے اس پر کسی کو افسوس تک نہیں اور کسی قسم کے رد عمل کا اظہار تک نہیں کیا جارہا ہے۔

ایران کے سپرہیم لیڈر نے اسلامی ممالک کے حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میانماری مسلمانوں کی مدد کرنے سے مراد لشکر کشی کرنا نہیں ہے بلکہ سیاسی اور اقتصادی طور  پر میانمار کی حکومت پر دباو ڈالا جائے اور عالمی سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کیا جائے۔

رہبرمعظم نے کہا: "اسلامی تعاون تنظیم کو چاہئے کہ میانماری مسلمانوں کے مسئلے کے حل کے لئے جلد از جلد اجلاس بلائے۔

سپریم لیڈر نے مزید فرمایا کہ آج دنیا میں ظلم و ستم کا بول بالا ہے اور ایران کو اس پر فخر ہے جو ہمیشہ کیلئے جاری رہے گا کہ وہ دنیا کے مظلوموں کی حمایت کرتا ہے چاہے وہ مقبوضہ فلسطین، یمن، بحرین، میانمار ہو یا کوئی اور جگہ۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری