ایران نے روہنگیا مسلمانوں کے لئے 100 ٹن امدادی سامان کا پیکچ تیار کرلیا


ایران نے روہنگیا مسلمانوں کے لئے 100 ٹن امدادی سامان کا پیکچ تیار کرلیا

ایران کی ہلال احمر کمیٹی کے حکام نے روہنگیا مسلمانوں کے لئے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میانمار کی ریاست راکھائن میں ریاستی ظلم و جبر سے متاثرہ روہنگیا مسلمانوں کی امداد کے لیے ایران نے ایک سو ٹن امدادی سامان میانمار بھیجنے کے لئے تیار کیا ہے۔

ایرانی ہلال احمر کے سربراہ وحید رحمتی کا کہنا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے لیے امدادی پیکج روانگی کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امدادی پیکج میں خوراک، ادویات اور روزمرہ ضروریات کی دیگر اشیاء شامل ہیں اور بنگلادیش کی حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی اسے روانہ کردیا جائے گا۔

ایران کی ہلال احمر کمیٹی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ امدادی پیکج روانہ کرنے کی ہدایت صدر حسن روحانی کی جانب سے دی گئی ہے اور بنگلادیش کی حکومت سے بات چیت مکمل ہوچکی ہے، اب یہ امدادی سامان میانمار کے بجائے بنگلادیش میں مقیم روہنگیا مسلمانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایران میانمار کی فوج کی جانب سے طاقت کے بے دریغ استعمال کی مذمت کرتا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق 25 اگست سے شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد سے اب تک ایک لاکھ 64 ہزار کے قریب روہنگیا مسلمان پڑوسی ملک بنگلادیش ہجرت کرچکے ہیں۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری