این اے 120 انتخابات؛ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کردیا


این اے 120 انتخابات؛ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کردیا

تحریک نفاذ فقہ جعفریہ نے این اے 120 لاہور کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت کی امیدوار اور سابق وزیر اعظم کی زوجہ کلثوم نواز کی حمایت کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق  تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پنجاب کی قیادت نے حمایت کا اعلان کلثوم نواز کی دختر مریم نواز سے لاہور میں ملاقات کے دوران کیا جہاں سینیٹر پرویز رشید، خواجہ حسان، ڈاکٹر حسنات شاہ، طلال چوہدری، عظمی بخاری اور دانیال عزیز بھی شریک تھے۔

ٹی این ایف جے کے وفد میں علامہ حسین مقدسی، علامہ رائے مزمل، ذوالفقار حیدر نقوی، حسن کاظمی، محمد سلیم شاہ شامل تھے۔

اس دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ اہل بیت علیہم السلام کی محبت ایمان کا حصہ ہے، ہمارے گھر میں عزاداری کا احترام کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ والد نے یہی سکھایا ہے کہ تمام مسلمان امت واحدہ ہیں اور انہوں نے حکومت میں رہتے ہوئے ہمیشہ عزاداروں کو سہولیات فراہم کیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ٹی این ایف کے مطالبات جائز ہیں، ان پر عملدرآمد کرایا جائے گا جبکہ اس کی قیادت سے باہمی رابطہ برقرار رہے گا۔

صدر ٹی این ایف جے پنجاب علامہ حسین مقدسی نے اس موقع پر کہا کہ  این اے 120 میں ملت جعفریہ اپنا ووٹ بیگم کلثوم نواز کے حق میں ڈالے گی۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں عزاداروں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری